بھارت، بنگلادیش اور سری لنکا میں چاند نظر نہیں آیا

ایشیائی ممالک بھارت، بنگلادیش اور سری لنکا میں ماہ شوال کا چاند نظر نہیں آیا جس کے باعث ان ممالک میں عید الفطر بروز منگل 3 مئی کو منائی جائے گی۔ 

بھارتی میڈیا کے مطابق رویت ہلال کمیٹی نے اعلان کیا ہے کہ ملک بھر میں کہیں سے بھی ماہ شوال کا چاند نظر آنے کی شہادتیں موصول نہیں ہوئیں اس لیے عید الفطر 3 مئی بروز منگل کو منائی جائے گی۔

اسی طرح بنگلادیش میں بھی چاند نظر آنے کی شہادتیں نہیں ملیں اور وہاں بھی عید 3 مئی بروز منگل کو منانے کا اعلان کیا گیا ہے۔ سری لنکا میں بھی عید الفطر 3 مئی کو ہی منائی جائے گی۔

دوسری جانب ملائیشیا، برونائی اور تھائی لینڈ میں ماہ شوال کا چاند نظر آگیا اور ان ممالک میں عید الفطر کل یعنی بروز پیر 2 مئی کو منائی جائے گی۔ اسی طرح 30 روزے مکمل ہونے پر عرب ممالک میں بھی کل بروز پیر عید الفطر منائی جائے گی۔

واضح رہے کہ افغانستان میں کل ماہ شوال کا چاند نظر آگیا تھا اور آج ملک بھر میں عید الفطر منائی گئی۔ قندھار کی عید گاہ میں امیر طالبان ملا ہبتہ اللہ اخوندزادہ نے بھی عید کی نماز ادا کی۔