ممبئی: بالی ووڈ کے مسٹر پرفیکشنسٹ عامر خان کی بیٹی ایرا خان نے حال ہی میں انکشاف کیا ہے کہ انہیں انزائٹی یعنی بے چینی و اضطراب کے دورے پڑنا شروع ہوگئے ہیں۔
ایرا خان ایک سماجی کارکن ہیں اور اپنے مداحوں سے رابطے میں رہنے کے لیے سوشل میڈیا کا استعمال کرتی ہیں اور اپنی باتیں سوشل میڈیا ہی کے ذریعے لوگوں کےساتھ شیئر کرتی ہیں۔
حال ہی میں ایرا خان نے انسٹاگرام پر کی جانے والی ایک پوسٹ میں انکشاف کیا کہ انہیں اکثر انزائٹی یعنی بے چینی واضطراب کےدورے پڑتے ہیں اور اس کی وجہ سے وہ بہت بے بسی محسوس کرتی ہیں۔
ایرا خان نے انسٹاگرام پر کی جانے والی طویل پوسٹ میں لکھا مجھے انزائٹی (بے چینی و اضطراب) کے دورے پڑنا شروع ہوگئے ہیں۔ انہوں نے کہا اس سے پہلے کبھی مجھے انزائٹی کے دورے نہیں پڑے۔ یہ گھبراہٹ اور گھبراہٹ کے دوروں سے مختلف ہے۔
ایرا نے لکھا جہاں تک میں اسے سمجھتی ہوں ان دوروں میں جسمانی علامات ہوتی ہیں دھڑکن، سانس پھولنا اور رونا یہ آہستہ آہستہ آنے والے عذاب کی طرح محسوس ہوتا ہے۔ یہ بہت خوفناک احساس ہے۔ میرے معالج نے کہا ہے کہا اگر یہ دورے باقاعدہ ہوگئے ہیں تو مجھے اپنے ڈاکٹر یا ماہر نفسیات کو بتانے کی ضرورت ہے۔
ایرا نے کہا کہ جب مجھے یہ دورے پڑتے ہیں تو میں بہت بے بس محسوس کرتی ہوں کیونکہ میں سونا چاہتی ہوں لیکن سو نہیں سکتی کیونکہ یہ دورے اکثر مجھے رات میں پڑتے ہیں اور رکتے نہیں ہیں۔
ایرا خان نے مزید کہا میں اپنے خوف کو سمجھنے کی کوشش کرتی ہوں، خود سے بات کرتی ہوں لیکن جب ایک بار یہ دورے آپ کو پڑنا شروع ہوجاتے ہیں تو مجھے انہیں روکنے کا کوئی راستہ نظر نہیں آتا۔ میں نے اس بارے میں اپنے بوائے فرینڈ نپور شیکھارے سے بات کی تو اس سے مجھے راحت ملی۔