روس نے جاپان کے وزیراعظم سمیت 63حکام پر پابندی عائد کردی 

 ماسکو: روسی وزارت خارجہ نے جاپان کے وزیر اعظم سمیت 63 حکام پر ملک میں داخلے پر غیر معینہ مدت کے لیے پابندی عائد کردی۔

عالمی میڈیا کے مطابق روسی“بلیک لسٹ”میں جاپانی وزیر اعظم فومیو کاشیدا، جاپانی وزیر خارجہ یوشیماس ہایاشی اور جاپان کے اعلیٰ عہدے دار، میڈیا کے نمائندے، ماہرین اور عوامی شخصیات شامل ہیں۔

روسی وزارت خارجہ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ جاپان نے شدید روس مخالف مہم شروع کر رکھی ہے جس میں ٹوکیو کی جانب سے روسی فیڈریشن کے خلاف ناقابل قبول بیان بازی کے ساتھ ساتھ بہتان اور براہ راست دھمکیاں شامل ہیں۔

جاپان کی عوامی شخصیات، ماہرین اور میڈیا کے نمائندے ہمارے ملک کے کیخلاف کیے جانے والے اقدامات میں مغرب کے ساتھ کھڑے ہیں۔ 

ٹوکیو ایسے عملی اقدامات کر رہا ہے جس کا مقصد ہمسایہ ممالک کے ساتھ اچھے تعلقات کو ختم کرنا ہے اور جس سے روسی معیشت اور ہمارے ملک کے بین الاقوامی وقار کو نقصان پہنچ رہا ہے۔