خیبرپختونخوا میں آئندہ ہفتے شدید گرمی کی لہر کی پیش گوئی

پشاور: محکمہ موسمیات نے خیبرپختونخوا میں اگلے ہفتے سے شدید گرمی کی لہر کی پیش گوئی کردی۔ پی ڈی ایم اے نے ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے اور کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے بچاو کیلئے ہدایات جاری کر دیں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق صوبے کے بیشتر علاقوں خصوصاً جنوبی علاقوں میں اتوار سے دن کے درجہ حرارت میں بتدریج اضافہ ہونے کا امکان ہے۔ دن کا درجہ حرارت (زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت) معمول سے 7 سے 9 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہ سکتا ہے۔‎

صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کو مراسلہ جاری کر دیا۔ گرمی اور خشک موسمی حالات سے ہیٹ اسٹروک اور آبی ذخائرپر پانی کے دباؤ کا سبب بن سکتے ہیں۔

زیادہ درجہ حرارت صوبے کے بالائی علاقوں میں برف پگھلنے میں اضافہ جبکہ دریاؤں کا بہاؤ کو بڑھا سکتا ہے۔ کسان فصلوں کے لیےپانی کا مناسب انتظام کریں۔

پی ڈی ایم اے نے ہدایت کی کہ عوام سورج کی روشنی میں باہر نکلتے ہوئے احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔ تمام متعلقہ ادارے ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کے لیے الرٹ رہیں۔

‎ترجمان پی ڈی ایم اےخیبرپختونخوا کے مطابق پی ڈی ایم اے کا ایمرجنسی آپریشن سنٹر مکمل فعال ہے، عوام کسی بھی نا خوشگوار واقعے کی اطلاع ہماری ہیلپ لائن 1700 پر دیں۔