عامر لیاقت کی تیسری بیوی نے بھی تنسیخ نکاح کا مقدمہ دائر کردیا

بہاولپور : ممبر قومی اسمبلی عامر لیاقت حسین کی تیسری بیوی دانیا شاہ نے تحفظ کا مطالبہ کردیا انہوں نے الزام عائد کیا ہے کہ عامر لیاقت آئے روز نشہ کرکے مجھ پر تشدد کرتا تھا۔

تفصیلات کے مطابق عامر لیاقت حسین کی تیسری شادی کا معاملہ بھی عدالت میں آگیا، ان کی تیسری بیوی دانیا شاہ نے تنسیخ نکاح کا مقدمہ دائر کردیا۔

رکن قومی اسمبلی عامر لیاقت حسین کی تیسری شادی کا بھی ڈراپ سین ہوگیا، دانیا شاہ بہاولپور کی عدالت میں پیش ہوئیں، اپنے ویڈیو پیغام میں بھی عامر لیاقت سے علیحدگی کی درخواست کی تصدیق کردی۔

  دانیا شاہ نے اپنی درخواست میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ عامر لیاقت حسین جیسے دکھتا ہے وہ ویسا بالکل بھی نہیں ہے، شادی کے بعد کے گزرے ہوئے 4ماہ میرے لیے کسی اذیت سے کم نہیں تھے۔

ان کا کہنا ہے کہ عامر لیاقت حسین نشہ کرکے آئے روز مجھ پر بئے پناہ تشدد کرتا تھا، وہ مجھے ایک چھوٹے سے کمرے میں بند رکھتا تھا۔

  دانیا شاہ کا کہنا ہے کہ میں نے عامر لیاقت کیخلاف تنسیخ نکاح سمیت دیگر مقدمات دائر کردیے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عامر لیاقت مجھے اور میرے والدین کو سنگین نتائج کی دھمکیاں دے رہا ہے، وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز ہمیں تحفظ فراہم کریں۔