پاکستان میں آج کل سابق وزیراعظم عمران خان کو دیگر ممالک سے ملنے والے قیمتی تحائف کے توشہ خانہ سے سستے داموں خرید کر انہیں مہنگے داموں فروخت کرنے کے چرچے زبان رد عام ہیں۔ تاہم اس حوالے سے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کا ایک پرانا ویڈیو کلپ بھی وائرل ہو رہا ہے جس میں وہ خود کو ملنے والے تحائف کے بارے میں بتا رہے ہیں۔
سوشل میڈیا پر وائرل کلپ میں نریندر مودی ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہتے ہیں کہ جب میں گجرات کا وزیراعلیٰ تھا تو لوگ مختلف قسم کے تحائف دیتے تھے، کبھی کوئی شال دے دیتا تو کبھی کوئی چاندی کی تلوار اور کبھی کوئی اچھا سا تاج محل دے دیتا۔
انہوں نے مزید کہا کہ لوگ بہت شاندار پینٹنگز بھی دیتے تھے، میں بھی انسان ہوں میرا بھی دل کرتا کہ اس پینٹنگ کو گھر کی دیوار پر لگاؤں گا کہ کبھی مہمان آئیں گے تو اچھا لگے گا۔
نریندر مودی نے شرکاء کو مخاطب کرتے ہوئے پوچھا کہ ’آپ کا بھی دل کرے گا یا نہیں کرے گا؟‘ جس پر شرکاء نے جواب دیا کہ ’کرے گا‘ لیکن بھارتی وزیراعظم ہاتھ پر ہاتھ مار کر کہتے ہیں کہ میرا دل نہیں کرتا تھا۔
انہوں نے بتایا کہ مجھے جو تحائف ملتے تھے میں ساری چیزیں توشہ خانہ میں ڈال دیتا تھا جس پر وہ بھی بہت تنگ آ گئے، پھر میں نے ان چیزوں کی قیمت لگوانا شروع کی اور پھر ان کی نیلامی کروانا شروع کی۔
بھارتی وزیراعظم کا کہنا تھا ہمارے ملک میں یہ باتیں ہوتی ہیں کہ فلاں حکومت جاتے ہوئے اتنی چیزیں ساتھ لے گئی لیکن میں دعوے سے کہتا ہوں کہ جب میں نے گجرات چھوڑا تو بطور وزیراعلیٰ مجھے جو چیزیں ملیں میں نے ان کی عوامی سطح پر نیلامی کروائی اور اس سے جو رقم ملی وہ لڑکیوں کی تعلیم پر خرچ کی۔
نریندر مودی نے بتایا کہ ملنے والے تحائف اور بعد میں لوگ مجھے جو چیک دیتے تھے ان کی مد سے 100 کروڑ سے زیادہ رقم جمع ہوئی جو میں سرکار کو لڑکیوں کی تعلیم کے لیے دیکر گیا۔