کراچی: اداکارہ متھیرا عامر لیاقت کی حمایت میں سامنے آگئیں اور کہا کہ عامر لیاقت کے لیے برا لگ رہا ہے۔ گزشتہ روز عامر لیاقت کی تیسری اہلیہ دانیہ شاہ نے انکشاف کیاتھا کہ اس نے عامر لیاقت سے طلاق لینے کے لیے عدالت سے رجوع کیا ہے اور اس کے ساتھ ہی طلاق لینے کی وجہ بتاتے ہوئے کہا تھا کہ عامر لیاقت نہ صرف نشہ کرتا ہے بلکہ نشے میں دھت ہوکر مجھ پر تشدد بھی کرتا ہے۔ عامر لیاقت عیاش آدمی ہے لہذا عدالت عامر لیاقت سے تنسیخ نکاح کی ڈگری جاری کرے۔
دوسری جانب عامر لیاقت نے سوشل میڈیا پر ایک طویل پوسٹ میں دانیہ شاہ کے الزامات کی تردید کرتے ہوئے ان تمام الزامات کو جھوٹا قرار دیا اور دانیہ شاہ پر سنگین الزامات بھی لگائے۔
اداکارہ متھیرا نے اس معاملے پر عامر لیاقت کے ساتھ اظہار ہمدردی کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں عامر لیاقت کے لیے برا لگ رہا ہے۔ متھیرا نے گزشتہ روز انسٹااسٹوری پر عامر لیاقت اور دانیہ شاہ کی طلاق کے معاملے پر اپنی رائے دیتے ہوئے کہا ’’واہ سچ کہوں تو یہ افسوسناک ہے، اور ہاں بعض اوقات عورتیں بھی بری ہوسکتی ہیں۔ اس (عامر لیاقت) کے لیے برا لگ رہا ہے۔ متھیرا نے کہا اس نے (دانیہ شاہ) نے ایک زبردست شو پیش کیا جس نے سب کو یقین دلایا کہ وہ اس سے پیار کرتی ہے‘‘۔
واضح رہے کہ عامر لیاقت حسین کی تیسری اہلیہ دانیہ شاہ نے بہاولپور کی عدالت میں تنسیخ نکاح، حق مہر اور خرچہ نان نفقہ کا دعویٰ دائر کیا ہے۔ دانیہ شاہ نے عدالت میں دائر درخواست میں موقف پیش کیا ہے کہ عدالت حق مہر کی مد میں 11 کروڑ 51 لاکھ 50 ہزار روپے ادا کرنے کا حکم دے اور ایک لاکھ روپے ماہانہ خرچہ نان نفقہ مقرر کرے۔