خیبرپختونخوا میں آٹے کے بحران کا کوئی خدشہ نہیں، وزیر خوراک 

پشاور:خیبرپختونخوا کے وزیر خوراک عاطف خان نے کہا ہے کہ صوبے کی مارکیٹوں  میں آٹے کی وافر مقدار موجود ہے اور آٹے بحران کا کوئی خدشہ نہیں ہے۔

 انہوں نے کہا کہ عوام مطمئن رہیں آٹا مہنگا ہوگا نہ بحران پیدا ہوگا کیونکہ خیبرپختونخوا حکومت صوبے کے لوگوں کو آٹے کی وافر مقدار میں فراہمی کے لئے بھرپور اقدامات اٹھا رہی ہے۔

 ان خیالات کا اظہار انھوں نے اپنے دفتر سے جاری ایک بیان میں کیا، انھوں نے عوام سے اپیل کی کہ آٹے بحران کے حوالے سے پھیلائی گئی افواہوں اور غلط خبروں پر کان نہ دھریں وزیر خوراک نے محکمہ خوراک کے افسران کو  ذخیرہ اندوزوں پر کڑی نظر رکھنے کی بھی ہدایت کی۔ 

عاطف خان نے کہا کہ صوبائی حکومت عوام کی خدمت پر یقین رکھتی ہے اور اس سلسلے میں تمام تر دستیاب وسائل کو بروئے کار لایا جائے گا۔

 انھوں نے پنجاب حکومت سے بھی کہا کہ خیبرپختونخوا کو آٹے کی ترسیل میں حائل رکاوٹوں کو جلد از جلد ختم کرے۔

 محکمہ خوراک خیبرپختونخوا کے حکام نے پنجاب سے خیبرپختونخوا میں آٹے کی ترسیل کے حوالے سے کہا ہے کہ 29اپریل سے آج تک پنجاب سے خیبرپختونخوا کو 707 آٹے کے ٹرکوں کی ترسیل ہوئی ہے۔

 جس کے ذریعے 11127میٹرک ٹن سپیشل فائن اور 4542 میٹرک ٹن سوپر سپیشل آٹا اور 4306 میٹرک ٹن سوجی مارکیٹ کو فراہم کیا گیاہے جبکہ  17554 میٹرک ٹن مقامی آٹا بھی مارکیٹس کو فراہم کیاگیا ہے۔