ایکواڈور کی جیل میں ہنگامہ آرائی،44 قیدی ہلاک، 108فرار

کوئٹو:جنوبی امریکی ملک ایکواڈور کی جیل میں 2گروپوں کے درمیان ہنگامہ آرائی کے دوران 44قیدی ہلاک اور متعدد زخمی جبکہ 108فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

 غیر ملکی میڈیا کے مطابق پولیس سربراہ فاؤستو سیلینس نے بتایا کہ گزشتہ روز ایکواڈور کے شہر سانٹو ڈومنگو ڈی لوس کولوراڈوس کی بیلاوسٹا جیل میں 2گروپوں میں ہنگامہ آرائی کے نتیجے میں 44قیدی ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے ہیں۔

 اس واقعہ میں فرار ہونے والے 112قیدیوں کو دوبارہ گرفتار کر لیا گیا ہے جس کے بعد 108قیدی اب بھی لاپتہ ہیں،واقعہ میں زخمی قیدیوں کوطبی امداد فراہم کر دی گئی ہے۔

جیل اتھارٹی ایس این اے آئی کے ایک بیان کے مطابق جیل میں صورتحال کو کنٹرول کرنے کے لیے سیکیورٹی پروٹوکولز کو فعال کر دیا گیا ہے۔