امریکا کی طالبان کیخلاف انتہائی قدم اٹھانے کی دھمکی

 واشنگٹن:امریکہ نے خبردار کیا ہے کہ اگر طالبان حکومت افغانستان میں خواتین پر غیر ضروری گھر سے باہر نکلنے، برقع پہننے کی شرط اور لڑکیوں کی تعلیم سے متعلق اپنے سخت فیصلوں کو واپس نہیں لیتا تو سخت اقدامات پر مجبور ہوں گے۔

 غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق امریکی وزارت خارجہ کے ترجمان نیڈ پرائس نے ہفتہ وار پریس بریفنگ میں کہا ہے کہ طالبان سے خواتین کے عوامی مقامات پر برقع پہننے کو لازمی قرار دینے کے حکم کو واپس لینے کے لیے براہ راست بات کی ہے۔

ترجمان نیڈ پرائس نے کہا کہ اگرخواتین سے متعلق سخت فیصلوں کو واپس نہیں لیا جاتا تو امریکا طالبان پر دباو بڑھانے کے لیے سخت اقدامات بھی اٹھا سکتا ہے۔

 ہمارے پاس بہت سے ایسے ٹولز ہیں جنھیں استعمال کر کے طالبان پر دباؤ بڑھایا جا سکتا ہے۔

امریکی وزارت خارجہ کے ترجمان نے ان اقدامات اور ٹولز سے متعلق وضاحت نہیں کی تاہم تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ امریکا افغانستان میں امدادی کاموں اور فنڈز کی فراہمی کو مشروط کرسکتا ہے۔

ترجمان امریکی وزارت خارجہ کا یہ بیان اس وقت سامنے آیا ہے جب امیرِ طالبان ملا ہیبت اللہ اخوندزادہ نے ہفتے کے روز خواتین کو عوامی مقامات پر چہرہ اور سر سے پاوں تک ڈھانپنے والا برقع پہننے کا حکم دیا ہے۔