امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نیڈ پرائس نے عمران خان کے الزامات کو پرو پیگنڈا، اور جھوٹ پر مبنی قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان سے تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، ان الزامات کو پاکستان سے تعلقات کی راہ میں حائل نہیں ہونے دیں گے۔
امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نیڈ پرائس نے میڈیا بریفنگ میں پی ٹی آئی کے چئیرمین عمران خان کے الزامات سے متعلق سوال کے جواب میں کہا کہ پاکستان سے دو طرفہ تعلقات کو اہمیت دیتے ہیں۔ جھوٹ، پروپیگنڈے اورڈس انفارمیشن کو پاکستان سے تعلقات میں آڑے آنے نہیں دیں گے۔
ترجمان محکمہ خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ امریکی وزیرخارجہ انٹونی بلنکن نے 6 مئی کو پاکستانی ہم منصب بلاول بھٹوزرداری سے فون پربات کی اوردونوں ممالک کے 75 سالہ تعلقات مختلف امور پرتبادلہ خیال کیا۔ دونوں رہنماؤں نے افغانستان میں استحکام اوردہشتگردی کیخلاف مشترکہ اقدامات پربھی بات چیت کی۔