پاکستان وینٹی لیٹر پر آخری سانسیں لے رہا ہے، مریم نواز

صوابی:مسلم لیگ(ن)کی مرکزی نائب صدر مریم نواز نے سابق وزیر اعظم عمران خان پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم سمجھتے تھے کہ پاکستان آئی سی یو میں ہے مگر اب حکومت میں آنے کے بعد پتا چلا کہ پاکستان نہ صرف آئی سی یو میں ہے بلکہ وینٹی لیٹر پر اپنی آخری سانسیں لے رہا ہے۔

 عمران خان رونا دھونا بند کریں، اپنی حکومت کی کارکردگی بتائیں، عمران خان بتائیں کہ 4 سال انہوں نے کیا کرتوت کیے۔

جتنی گڑبڑ عمران خان کرکے گیا ہے اس کو ٹھیک کرنے میں کم از کم2 سے 3 سال سے لگیں گے۔

 بدھ کوصوابی کے 'چھوٹا لاہور' گراؤنڈ میں پارٹی کے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ میں صوابی والوں کو نوازشریف، شہبازشریف کا سلام پیش کرتی ہوں، میں صوابی کے عوام کو خراج تحسین پیش کرتی ہوں کہ آپ نے ہمیشہ  ن لیگ کا ساتھ دیا۔

 آپ نے ریاستی مشینری کا مقابلہ کیا اور (ن)لیگ کو فتح دلائی۔مریم نواز کا کہنا تھا کہ جھوٹا خط اور سازش تو ایک بہانہ تھا، اصل مقصد کارکردگی چھپانا تھا، عمران خان کو نہ نواز شریف نے نکالا نہ کسی غیر ملکی سازش نے نکالا، عمران خان کو ان کے اپنے ایم این ایز نے نکالا، ان کے اپنے اراکین اسمبلی نے ان کے خلاف عدم اعتماد کا اظہار کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ اللہ کا شکر ہے کہ پاکستان کی جان ان جھوٹوں سے چھوٹی، اللہ کا شکر ہے کہ پاکستان کو جادو، ٹونے کے اڈے کی طرح چلانے والوں سے پاکستان کی جان چھوٹی، اللہ کا شکر ہے کہ فتنہ بازوں، نا اہلوں اور قومی مجرموں سے قوم کی جان چھوٹی، شکر کہ پاکستان کے عوام پر مہنگائی کا قہر بن کر ٹوٹنے والوں سے جان چھوٹی۔ 

مریم نواز نے کہا کہ جس طرح سے پورے پاکستان کے عوام کی جان عمران خان سے چھوٹی ہے اسی طرح آئندہ الیکشن میں خیبرپختونخوا کے عوام کی جان بھی پی ٹی آئی سے چھٹنی چاہیے۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ عمران خان رونا دھونا بند کریں، اپنی حکومت کی کارکردگی بتائیں، عمران خان بتائیں کہ 4 سال انہوں نے کیا کرتوت کیے،4 سالہ حکمرانی کرنے کے بعد ان کے پاس 4 سیکنڈز کی کارکردگی نہیں ہے بتانے کے لیے۔

ان کہنا تھا کہ عمران خان کو تحریک اعتماد سے نکالنا ضروری تھا، کیونکہ ان کی نا اہلی کی وجہ سے پاکستان کھائی میں گرنے جا رہا تھا، ان کی نا اہلی کی وجہ سے پاکستان اس درخت جیسا ہوچکا جس کی کوئی جڑ سلامت نہیں، یہ پاکستان کو کھوکھلا کر گیا، عمران خان کی نا اہلی کی وجہ سے پاکستان وینٹی لیٹر پر ہے۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ ہم سمجھتے تھے کہ پاکستان آئی سی یو میں ہے مگر اب حکومت میں آنے کے بعد پتا چلا کہ پاکستان نہ صرف آئی سی یو میں ہے بلکہ وینٹی لیٹر پر اپنی آخری سانسیں لے رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان 4 سال عوام کے مسائل سے بے خبر رہا، 4 ہیلی کاپٹر میں گھومتا رہا، اس نے اپنے دور اقتدار میں توشہ خانے کو بھی نہیں بخشا، عمران خان ایسا مجرم ہے کہ 4 سال بنی گالا کو پالتا رہا۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ جتنی گڑبڑ عمران خان کرکے گیا ہے اس کو ٹھیک کرنے میں کم از کم2 سے 3 سال سے لگیں گے۔