شیخ خلیفہ بن زاید النہیان البطین قبرستان میں سپرد خاک

 دبئی:متحدہ عرب امارات(یو اے ای)کے مرحوم صدرشیخ خلیفہ بن زاید النہیان کو سپرد خاک کردیا گیا۔

عرب میڈیا کے مطابق شیخ محمد بن زاید النہیان، خاندان کے دیگرافراد اور مسلح افواج کے ڈپٹی سپریم کمانڈر نے شیخ سلطان بن زاید مسجد میں مرحوم شیخ خلیفہ بن زاید النہیان کی نماز جنازہ میں شرکت کی جس کے بعد انہیں البطین قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا۔

ملک کی سب سے بڑی شیخ زید گرینڈ مسجد میں ہزاروں افراد نے غائبانہ نماز جنازہ ادا کی۔ابوظبی کے حکمران شیخ محمدبن زایدالنہیان مشرف پیلس میں تعزیت وصول کریں گے۔اماراتی افواج کے دستے نے شیخ خلیفہ کی میت اہل خانہ کے سپرد کی تھی۔

 دوسری جانب سعودی عرب کے شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی ہدایت پرمسجد الحرام اورمسجد نبوی میں شیخ خلیفہ بن زاید آل نہیان کی غائبانہ نماز جنازہ ادا کی گئی جس میں لاکھوں افراد نے شرکت کی۔ 

واضح رہے کہ گزشتہ روز متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ خلیفہ بن زاید النہیان انتقال کر گئے تھے۔

یو اے ای کی سرکاری خبررساں ایجنسی کے مطابق شیخ خلیفہ بن زاید النہیان کے انتقال پر چالیس روزہ سوگ اور 3دن کی عام تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے۔

شیخ خلیفہ 3نومبر 2004سے متحدہ عرب امارات کے حکمران تھے۔شیخ خلیفہ نے والد شیخ زاید بن سلطان النہیان کی وفات کے بعد یو اے ای کی قیادت سنبھالی تھی۔