کولمبو:سری لنکا میں نئے وزیر اعظم رانیل وکرماسنگھے کی جانب سے اپنی کابینہ کی تشکیل کے بعد گزشتہ روز ملک گیر کرفیو 12گھنٹے کے لیے اٹھا لیا گیاجس کے ساتھ سخت پابندیوں میں بھی نرمی کردی گئی ہے۔
حکومت نے گزشتہ روز مقامی وقت کے مطابق صبح 6 بجے سے شام 6 بجے تک کرفیو اٹھا لیا تھا، پیر سے مکمل 24گھنٹے کے لیے نافذ کیا گیا کرفیو جمعرات اور جمعے کو بھی چند گھنٹوں کے لیے اٹھا لیا گیا تھا تاکہ ضروری سامان کی خریداری کی اجازت دی جا سکے۔
سابق وزیر اعظم مہندا راجا پاکسے کے حامیوں نے تجارتی دارالحکومت کولمبو میں ایک حکومت مخالف احتجاجی کیمپ پر حملہ، خیمے جلانے اور مظاہرین اور پولیس کے ساتھ جھڑپوں کے بعد حکومت کے خلاف ایک ماہ سے زیادہ کا پرامن احتجاج رواں ہفتے پرتشدد ہو گیا۔
پر تشدد واقعات اور حکومتی شخصیات کے خلاف انتقامی کارروائیوں میں 300 سے زائد افراد زخمی بھی ہوئے۔