3 سیکنڈ میں 100 کلومیٹر کی رفتار سے دوڑنے والی الیکٹرک گاڑی متعارف

چینی کمپنی لیپ موٹر نے بجلی پر چلنے والی گاڑی سی 01 متعارف کرائی ہے جس کے بارے دعویٰ کیا گیا ہے کہ وہ محض 3 سیکنڈ میں 100 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے سفر کرسکتی ہے۔

سی 01 نامی الیکٹرک گاڑی  کو متعارف کرانے کا مقصد چین میں ٹیسلا کے ماڈل ایس کو ٹکر دینا ہے۔

لیپ موٹر چند سال سے اس شعبے میں قدم جمانے کی کوشش کررہی ہے اور اس کی تیار کردہ نئی گاڑی کا انجن 542 ہارس پاور فراہم کرتا ہے۔

اس سیڈان گاڑی کے لیے 90 کلو واٹ آر بیٹری استعمال کی گئی ہے اور کمپنی کا دعویٰ ہے کہ سنگل چارج پر یہ 717 کلومیٹر تک (اس کا انحصار ویرینٹ پر ہوگا)کا فاصلہ طے کرسکتی ہے۔

یہ گاڑی 5 ویرینٹ میں دستیاب ہوگی جس کا بیس ماڈل بھی سنگل چارج پر 500 کلومیٹر کا فاصلہ طے کرنے کی صلاحیت رکھتا ہوگا۔

کمپنی نے ابھی یہ نہیں بتایا کہ گاڑی کی مختلف اقسام میں بیٹری پاور کیا ہوگی۔

گاڑی کے اندر 3 بڑی اسکرینیں موجود ہیں جن میں سے ایک ڈرائیور ڈسپلے کے طور پر استعمال ہوتی ہے، دوسری انفوٹینمنٹ اور تیسری پسنجر سیٹ کے مسافروں کی تفریح کے لیے ہے۔

اسی طرح سی 01 میں 28 سنسرز اور 23 خودکار ڈرائیونگ کرنے میں مدد گار فیچرز موجود ہیں۔

کمپنی کی جانب سے گاڑی کی بکنگ تو کی جارہی ہے مگر پروڈکشن یا دستیابی کے حوالے سے فی الحال کچھ نہیں بتایا گیا۔

مگر یہ ضرور بتایا گیا ہے کہ سی 01 کی قیمت 26 ہزار ڈالرز (50 لاکھ پاکستانی روپے سے زائد) سے شروع ہوگی۔