فن لینڈ اور سوئیڈن نے باضابطہ طور پر نیٹو میں شمولیت کی حامی بھر لی

نیو یارک:فن لینڈ اور سوئیڈن نے باضابطہ طور پرمغربی دفاعی اتحاد (نیٹو) میں شمولیت کی حامی بھر لی ہے۔

غیر ملکی  خبر رساں ادارے کے مطابق پہلے فن لینڈ کی حکومت نے باضابطہ طور پر نیٹو میں شامل ہونے کے اپنے ارادے کا اعلان کیا۔

 فن لینڈ کے صدر ساؤلی نینستو ا نے وزیر  اعظم سانا مارین کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس کہا کہ' یہ ایک تاریخی دن ہے، آج ایک نئے دور کا آغاز ہو رہا ہے'۔ توقع ہے کہ فن لینڈ کی پارلیمنٹ آنے والے دنوں میں اس فیصلے کی توثیق کر دے گی۔

 اس کے بعد ایک باضابطہ رکنیت کی درخواست برسلز میں نیٹو کے ہیڈ کوارٹر میں جمع کرائی جائے گی۔

فن لینڈ کی جانب سے اعلان کیے جانے کے چند گھنٹے بعد ہی سوئیڈن نے بھی نیٹو کی رکنیت کے لیے درخواست دینے کے لیے ایک قدم آگے بڑھایا جب گورننگ سوشل ڈیموکریٹک پارٹی نے مغربی دفاعی اتحاد میں شمولیت کی باضابطہ حمایت کردی۔