اداکارہ مشی خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک ویڈیو پیغام جاری کرتے ہوئے عامر لیاقت کے پاکستان چھوڑنے کے اعلان سے متعلق بیان پر انہیں تنقید کا نشانہ بنایا۔
مشی خان کا کہنا تھا کہ عامر لیاقت روزانہ کیمرہ آ ن کرکے اپنی فلاپ ترین اداکاری شروع کردیتے ہیں، کبھی روتے ہیں اور کبھی کہتے ہیں میں پاکستان چھوڑ کر جارہا ہوں تو مسئلہ کیا ہے؟
مشی خان نے عامر لیاقت کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اگر آپ کو ٹکٹ کا مسئلہ ہے تو ہم سب مل کر آپ کا ون وے ٹکٹ کروادیتے ہیں تاکہ آپ وہاں جاکر سکون لیں اور اپنے دماغ کا علاج کروائیں۔
اداکارہ نے رکن قومی اسمبلی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ’ آپ کے غرور اور مکافات عمل نے آپ کو ڈبویا ہے، آپ وہ دن یاد کریں جب آپ نے جنید جمشید اور ان کی والدہ کے لیے کیسے الفاظ ادا کیے تھے ، میں اس دن حیران رہ گئی تھی کہ آپ نے یہ کیا کہا ہے، جنید جمشید ایک اچھے انسان تھے جنہوں نے جواباً آپ کو صرف یہ کہا تھا کہ آپ کی باتوں سے میں اور میری فیملی بہت دکھی ہے، بعد ازاں ان کی وفات ہوگئی‘۔
اداکارہ نے اپنے بیان میں کہا کہ عامر لیاقت اپنا علاج کروائیں اور پاکستان سے جلد از جلد چلے جائیں کیوں کہ آپ کی عزت اب دھیلے برابر بھی باقی نہیں رہی ہے ،اب آپ چاہے روئیں پیٹیں، کچھ بھی کریں، دیر ہوچکی ہے۔
یاد رہے کہ عامر لیاقت کی تیسری اہلیہ دانیہ شاہ نے تنسیخ نکاح کے بعد شوہر پر مختلف الزامات عائد کیے ہیں۔