عام انتخابات اگلے تین ماہ میں ہوں گے، وزیر اعلی

وزیراعلیٰ خیبرپختونخو ا محمود خان نے جمعہ کے روز ضلع سوات کا دورہ کیا جہاں انہوں نے صوبائی حکومت کے فلیگ شپ منصوبے سوات موٹر وے فیز ٹو کا باضابطہ سنگ بنیاد رکھ دیا ہے ۔ 80 کلومیٹر طویل یہ موٹر وے پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت مجموعی طور پر 58 ارب روپے کے تخمینہ لاگت سے چکدرہ انٹر چینج تا فتح پور تعمیر کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ وزیراعلیٰ نے سوات یونیورسٹی آف انجنیئرنگ اینڈ اپلائیڈ سائنسز بریکوٹ کیمپس کا بھی سنگ بنیادرکھ دیا ہے جس کا تخمینہ لاگت ایک ارب 73 کروڑ روپے ہے۔ انہوںنے تحصیل پلے گرائونڈ شموزئی اور باب اودھیانہ کا بھی سنگ بنیاد رکھا اور تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال بریکوٹ کی تعمیر نو کا افتتاح کیا۔ 

وزیراعلیٰ نے بریکوٹ میں عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اگلے تین ماہ میں عام انتخابات ہوں گے اور ایک بار پھر عمران خان دو تہائی اکثریت سے وزیراعظم منتخب ہو کر اصلاحات کریں گے۔ محمود خان نے کہا کہ وہ بحیثیت وزیراعلیٰ امپورٹڈ وزیراعظم کےساتھ بیٹھنا بھی پسند نہیں کرتے ، عمران خان کی کال پر خیبرپختونخوا سمیت ملک بھر کے عوام جس طرح باہر نکلے ہیں وہ ان کا شکریہ ادا کرتے ہیں ۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ عمران خان کی حقیقی آزادی مارچ کی کال پر خیبرپختونخوا کے عوام سب سے پہلے اسلام آباد پہنچیں گے اور یہ ثابت کریں گے کہ خیبرپختونخوا عمران خان کا ہے اور اسکی عوام عمران خان کے شانہ بشانہ کھڑی ہیں۔