برطانوی میڈیا کے مطابق فرانس میں جاری رنگارنگ کانز فلم فیسٹیول کے چوتھے روز ریڈ کارپٹ پر اس وقت چیخ و پکار سنی گئی جب ایک یوکرینی خاتون نیم برہنہ حالت میں جسم پر یوکرین کا جھنڈا پینٹ کروائے ایونٹ میں گھس آئیں۔
ہالی ووڈ کے اداکاروں کی ریڈ کارپٹ پر واک کے دوران اچانک خاتون نے ریڈ کارپٹ کا رُخ کیا اور روس اور اس کے فوجیوں کے خلاف مختلف نعرے لگانے لگی، خاتون نے چیخ و پکار کے دوران ’ہمارے ساتھ زیادتی بند کرو‘ کے نعرے لگائے۔
خاتون نے اپنے جسم پر یوکرین کے پرچم کے رنگ بھی کررکھے تھے اور خاتون کے جسم پر بھی ’Stop Raping US‘ تحریر تھا۔
خاتون کے اس اقدام پر تقریب میں موجود سکیورٹی اہلکاروں نےانہیں فوری طور پر گھیر لیا اور گاؤن پہنانے کی کوشش کی۔
خاتون کے احتجاج پر یوکرینی حکام کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ وہ ملک کے مختلف حصوں پر روسی فوج کے قبضے کے بعد خواتین ساتھ زیادتی کے کیسز رپورٹ ہونے کے معاملے کی تحقیقات کررہے ہیں۔