آسٹریلیا میں عام انتخابات میں اپوزیشن جماعت آسٹریلین لیبر پارٹی نے کامیابی حاصل کرلی۔
حکومتی اتحاد لبرل نیشنل الائنس کے سربراہ و وزیراعظم اسکاٹ موریسن نے عام انتخابات میں شکست تسلیم کرلی ہے۔
آسٹریلیا میں پارلیمانی انتخابات میں مقامی وقت کے مطابق صبح 8 بجے سے شام 6 بجے تک ووٹنگ کا عمل جاری رہا اور لاکھوں آسٹریلوی شہریوں نے حق رائے دہی استعمال کیا۔
آسٹریلوی میڈیا کے مطابق نصف سے زائد ووٹوں کی گنتی کے بعد اپوزیشن جماعت لیبرپارٹی نے انتخابات میں کامیابی حاصل کرلی ہے۔
آسٹریلوی میڈیا کی جانب سے جاری اب تک کے نتائج کے مطابق 58 فیصد ووٹوں کی گنتی کے بعد 151 رکنی پارلیمنٹ میں لیبرپارٹی نے 75 نشستیں حاصل کرلی ہیں اور پارلیمنٹ میں اکثریت کیلئے کم ازکم ایک سیٹ درکار ہے۔
لبرل نیشنل الائنس 58، آسٹریلین گرینز ایک اور 9 دیگر نشستیں جیتنے میں کامیاب ہوئے ہیں تاہم 8 نشستوں پر فیصلہ باقی ہے۔
آسٹریلوی پارلیمنٹ میں اکثریت کیلئے کم ازکم 76 سیٹیں درکارہیں۔
پارلیمنٹ میں سادہ اکثریت نہ ملنے کی صورت میں لیبرپارٹی کوحکومت سازی کیلئے دیگر جماعتوں سے اتحاد کرنا ہوگا اور اس صورت میں لیبر پارٹی کے رہنما و اپوزیشن لیڈر انتھونی البانیز آسٹریلیا کے 31 ویں وزیراعظم ہوں گے۔
دوسری جانب حکومتی اتحاد لبرل نیشنل الائنس کے سربراہ و وزیراعظم اسکاٹ موریسن نے عام انتخابات میں شکست تسلیم کرلی ہے۔
ان کا کہنا تھاکہ ووٹوں کی گنتی ابھی جاری ہے تاہم لیبرپارٹی جیتتی نظر آرہی ہے اور لیبر پارٹی کے رہنما انتھونی البانیز کومبارک دی ہے۔
دوسری جانب برطانوی وزیراعظم بورس جانس نے بھی آسٹریلیا کی لیبر پارٹی کے لیڈر کوالیکشن جیتنےپرمبارکباد دی ہے۔