جو حکومت خود سے پٹرول، ڈیزل کی قیمتوں کا تعین نہیں کرسکتی وہ ملک کیا چلائے گی، وزیرعلیٰ 

سوات:وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے کہا ہے ملک اس وقت نازک دور سے گزر رہا ہے، امپورٹڈ حکمرانوں کے پاس ملک کو چلانے کی صلاحیت ہے نہ اہلیت۔جو حکمران خود سے پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں کا تعین نہیں کر سکتے وہ ملک کیسے چلائیں گے۔ 

ملک اس وقت دوراہے پر کھڑا ہے ایک طرف غلامی کا راستہ ہے اور دوسری طرف قوم کی حقیقی آزادی کی جدو جہد کا راستہ ہے  پختون قوم ہمیشہ سے آزاد رہی ہے یہ کبھی کسی کی غلامی قبول نہیں کرے گی اور خیبر پختونخوا کے عوام حقیقی آزادی کی اس جدوجہد میں ڈٹ کر عمران خان کے ساتھ کھڑے ہیں اسی طرح وکلا برادری سمیت معاشرے کے تمام طبقوں کو اپنی آنے والی نسلوں کے  بہتر مستقبل کے لئے حقیقی آزادی کی اس جدوجہد میں اپنا حصہ ڈالنا ہوگا۔

وہ گزشتہ روز سوات کے ایک روزہ دورے کے موقع پر ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن مینگورہ بنچ کی نئی کابینہ کی حلف برداری تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کر رہے تھے۔

 انہوں نے کہا یہ ملک حقیقی آزادی اور قومی خودمختاری کے لئے حاصل کیا گیا تھا، بیرونی طاقتوں کے اشاروں پر ہونے فیصلے اس ملک کے قیام کے مقاصد کے منافی ہیں اور قوم کو کسی صورت قابل قبول نہیں اس لئے آج پوری قوم ملک کی حقیقی آزادی کی جدوجہد میں عمران خان کے ساتھ کھڑی ہے، عمران خان کی کال پر ملک بھر سے عوام جس طرح باہر نکلے  ہے اس کی ملکی تاریخ میں کوئی مثال نہیں ملتی۔

 قوم نے امپورٹڈ حکومت کو یکسر مسترد کردیا ہے، انشا اللہ ہم عمران خان کی قیادت میں حقیقی آزادی کی اس تحریک کو کامیاب بنائیں گے اور جس مقصد کے لئے یہ ملک حاصل کیا گیا تھا وہ مقصد حاصل کرکے رہیں گے،  انہوں نے مزید کہا کہ حقیقی آزادی کی تحریک کو کامیاب بنانے میں خیبر پختونخوا کے غیور عوام کا سب سے اہم کردار ہوگا اور جب عمران خان آزادی مارچ کی کال دیں گے تو سب سے پہلے خیبر پختونخوا کے عوام اسلام آباد پہنچیں گے۔ 

محمود خان کا کہنا تھا کہ ہمارا تعلق کسی بھی سیاست جماعت سے ہوسکتا ہے لیکن یہ ملک ہم سب کا ہے،  ہم نے یہیں رہنا ہے اور ہماری نسلوں نے بھی یہیں رہنا ہے، یہ جدوجہد عمران کے ذات کی ہے اور نہ پاکستان تحریک انصاف کی، یہ ملک و قوم کے بہتر مستقبل اور خودمختاری کی جنگ ہے جس کو سب نے  پارٹی وابستگیوں سے بالاتر ہوکر کامیاب بنانا ہے۔

لوگوں کو فوری اور سستے انصاف کی فراہمی کو پاکستان تحریک انصاف حکومت کی اہم ترجیحات کا حصہ قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ صوبائی سطح پر پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے اس سلسلے میں بھر پور کام کیا ہے اور اہم  قانونی اصلاحات  بھی کی گئی ہیں تاہم اس حوالے سے بعض اہم قوانین وفاقی حکومت سے متعلق ہیں جن میں اصلاحات کے لئے دو تہائی اکثریت درکار ہوتی ہے۔

 وزیر اعلی نے کہا کہ صوبائی حکومت نے پولیس کو صحیح معنوں میں ایک عوام دوست فورس بنانے کے لئے پولیس نظام میں بنیادی اصلاحات متعارف کرائی ہیں جس کے انتہائی حوصلہ افزا نتائج سامنے آئے ہیں۔ 

لوگوں کو سستے اور فوری انصاف کی فراہمی میں وکلا کے کردار کو انتہائی اہمیت کا حامل قرار دیتے ہوئے وزیر اعلی نے وکلا برادری پر زور دیا کہ وہ معاشرے کے نادار اور کمزور لوگوں کو فوری اور سستی انصاف دلانے میں اپنا اہم کردار ادا کریں۔ قبل ازیں وزیر اعلی نے ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن مینگورہ بنچ کے نو منتخب کابینہ اراکین سے ان کے عہدوں کا حلف لیا۔