ٹیسلا اور اسپیس ایکس کے بانی ایلون مسک سوشل میڈیا نیٹ ورک ٹوئٹر کوایک سپر ایپ میں بدلنا چاہتے ہیں۔
یہ بات انہوں نے ایک پوڈ کاسٹ میں بات کرتے ہوئے کہی۔
انہوں نے کہا وہ ٹوئٹر کو ایسی سپر ایپ میں تبدیل کرنے پر غور کررہے ہیں جو ادائیگیوں کے حوالے سے نمایاں کردار ادا کرسکے گی اور وہ اپنے منصوبے کو سوشل میڈیا نیٹ ورک کو خریدنے کے بعد حتمی شکل دیں گے۔
ایلون مسک نے چینی ایپ وی چیٹ کو ایک سپر ایپ کے لیے اچھا ماڈل قرار دیتے ہوئے کہا کہ چین سے باہر اس طرح کی کوئی ایپ موجود نہیں۔
انہوں نے کہا کہ کانٹینٹ کریٹیرز کے لیے آمدنی کے ذرائع اہم ہوتے ہیں اور ایک ایپ میں پیمنٹ سسٹم کو شامل کرنا فائدہ مند ثابت ہوسکتا ہے۔
ٹوئٹر میں اس وقت پیمنٹ کے شعبے پر زیادہ توجہ نہیں دی جارہی ۔
وی چیٹ اور علی پے ایسی ایپس ہیں جن میں صارفین کو ایک جگہ ہی کامرس، فنانس، ٹرانسپورٹیشن اور دیگر سروسز مل جاتی ہیں۔
خیال رہے کہ ایلون مسک کی جانب سے ٹوئٹر کی خریداری کو بوٹس اور جعلی اکاؤنٹس کی خریداری کو جواز بناکر معطل کردیا گیا ہے۔
گزشتہ ہفتے میامی میں ایک کانفرنس کے دوران ایلون مسک نے کہا تھا کہ ہم ٹوئٹر پر جعلی یا اسپام اکاؤنٹس کی تعداد کے حوالے سے کسی قسم کی منطقی وضاحت کے منتظر ہیں ، جبکہ ٹوئٹر کی جانب سے ہمیں بتانے سے انکار کیا جارہا ہے، جو ایک عجیب بات ہے۔
اگر ایلون مسک ٹوئٹر کو خریدنے کا ارادہ بدلتے ہیں تو انہیں بینک فیس کی مد میں ایک ارب ڈالرز ادا کرنا ہوں گے ، جبکہ معاہدے کی ایک شق کے مطابق ٹوئٹر ٹیسلا کے بانی کو 54.20 فی حصص کی قیمت پر کمپنی کی خریداری پر مجبور بھی کرسکتی ہے۔