اقوام متحدہ کی تقریب میں 6 شہید پاکستانی امن فوجیوں کو اعزاز سے نوازا گیا، میڈل پانے والوں نےگزشتہ سالاقوام متحدہ کے پرچم تلے خدمات انجام دیتے ہوئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اقوام متحدہ کے امن دستوں کا عالمی دن آج نیویارک میں اقوام متحدہ کے ہیڈ کوارٹر میں منایا گیا، سیکرٹری جنرل انتونیو گوٹیرس نے تقریب سے خطاب کیا، سیکرٹری جنرل نے 117 فوجی، پولیس اور سویلینز کو ڈاگ ہمارسک گولڈ میڈل عطا کیا۔ میڈل پانے والوں نےگزشتہ سال اقوام متحدہ کے پرچم تلے خدمات انجام دیتے ہوئے اپنی جانیں قربان کیں، ان اعزاز پانے والے امن فوجیوں میں سے چھ پاکستانی بھی شامل ہیں۔
ترجمان نے بتایا کہ اعزاز پانے والوں میں طاہر اکرام، عادل جان، اور امحمد نعیم نے دارفور میں اقوام متحدہ کے مشن میں خدمات انجام دیں، اعزاز پانے والوں میں طاہر محمود جمہوریہ کانگو میں یو این مشن میں خدمات سر انجام دیں، محمد شفیق نے وسطی افریقی جمہوریہ میں یو این مشن میں خدمات سرانجام دیں، جب کہ ابرار سید نے سویلین حیثیت میں خدمات انجام دیں۔
ترجمان کے مطابق اپنی پیشہ ورانہ مہارت اور لگن کے ذریعے پاکستان کے امن فوجیوں نے ہمیشہ ہر مشن میں اپنے آپ کو ممتاز کیا ہے جس میں انہوں نے حصہ لیا ہے۔ پاکستان کی حکومت اور عوام ان تمام امن فوجیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں جنہوں نے اقوام متحدہ کے پرچم تلے خدمات انجام دیتے ہوئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔