میڈیا ذرائع مطابق شمالی وزیرستان میں مزید دو بچوں میں پولیو کی تصدیق ہوگئی ہے، جن بچوں میں پولیو کی علامات پائی گئیں ان میں ایک بچہ اور ایک بچی شامل ہے اور دونوں بچوں کی عمریں ڈیڑھ ڈیڑھ سال ہیں۔
ترجمان وزارت صحت نے بتایا کہ رپورٹ ہونے والے دونوں کیسز کا تعلق میر علی سے ہے، رواں برس ملک میں مجموعی طور پر پولیو کے 6 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں اور یہ تمام کیسز خیبرپختونخوا شمالی وزیرستان سے ہیں۔
دوسری جانب وفاقی وزیر صحت عبدالقادر پٹیل نے تمام والدین سے اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ دنیا میں پولیو سے متاثرہ دو ممالک پاکستان اور افغانستان میں بیک وقت 23 سے 27 مئی تک پولیو مہم ہورہی ہے، جس میں دونوں ممالک میں کروڑوں بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جارہے ہیں اپنے بچوں کو عمر بھر کی معزوری سے بچانے کیلئے پولیو سے بچاؤ کے قطرے ضرور پلائیں، معصوم بچے ہمارا مستقبل ہیں ان کو معذور ہوتا نہیں دیکھ سکتے، موجودہ حکومت نے پولیو کے خاتمے کا پختہ عزم کر رکھا ہے۔
عبدالقادر پٹیل کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا کے جنوبی اضلاع بشمول شمالی اور جنوبی وزیرستان، ڈی آئی خان، بنوں، ٹانک اور لکی مروت پولیو وائرس کے لیے حساس ہیں، شمالی وزیرستان سے باہر ایک سے دوسرے انسان میں وائرس کی منتقلی کی تصدیق نہیں ہوئی، پولیو سے متاثرہ تمام بچوں کو تمام ممکنہ بحالی تعاون فراہم کیا جارہا ہے۔