وفاق پرحملے کابیان احمقانہ اورمضحکہ خیزہے،بیرسٹرسیف

خیبرپختونخوا کے وزراء تیمور سلیم جھگڑا، کامران خان بنگش اور وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے اطلاعات و تعلقات عامہ بیرسٹر محمد علی سیف نے جمعہ کے روز ایک مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کیا۔ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے خیبر پختونخوا کے وزیر برائے اعلی تعلیم کامران خان بنگش نے کہا ہے کہ امپورٹڈ حکومت نے ہائیر ایجوکیشن کے بجٹ پر کٹ لگا دیا ۔ ان کا کہنا تھا کہ امپورٹڈ حکومت نے ہائیر ایجوکیشن بجٹ میں 50 فیصد کمی کر دی ۔
اس رقم سے یونیورسٹیوں کے اساتذہ اور ملازمین کی تنخواہیں تک پوری نہیں ہو سکتیں۔ ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف دور میں 2 روپے اضافے پر واویلا کرنے والوں نے پیٹرول و ڈیزل کی قیمت میں یکمشت 30 روپے اضافہ کیا۔صوبائی وزیر صحت و خزانہ تیمور خان جھگڑا کاکہنا تھا کہ تحریک انصاف کے دور میں عالمی سطح پر مہنگائی ہوئی تھی یہ نہیں مانتے تھے اب انھیں پتہ چل گیا، مفتاح اسماعیل کا آئی ایم ایف مذاکرات کے بعد سوفٹ ویئر اپڈیٹ ہوا ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے معاون خصوصی برائے اطلاعات بیرسٹر محمد علی سیف کا کہنا تھا کہ امپورٹڈ وزیراعظم کا وفاق پر حملے کا بیان احمقانہ اور مضحکہ خیز ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عمر ایوب، حماد اظہر، یاسمین راشد سمیت کارکنوں پر بہیمانہ تشدد کیا گیا حقیقی آزادی مارچ میں 5 کارکن شہید ہوئے۔ بیرسٹر محمد علی سیف کا کہنا تھا کہ یہ سب جعلی وزیراعلیٰ پنجاب اور کریمنل وزیر داخلہ کے حکم پر کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ آئین کے آرٹیکل 25 کے تحت بیرون ملک پاکستانیوں کو سیاسی عمل میں حصہ لینے سے نہیں روکا جا سکتا سپریم کورٹ اس بڑی آئینی خلاف ورزی کا نوٹس لے۔