نیپال میں مسافر طیارہ لاپتہ: 22 افراد سوار تھے  

نیپال میں ایک مسافر طیارہ لاپتا ہوگیا ہے جس پر 22 مسافر سوار تھے، آپریٹنگ ایئر لائن اور حکام نے بتایا کہ خراب موسم کی وجہ سے طیارے کی تلاش میں رکاوٹ کا سامنا ہے۔

نیپال کی فضائی صنعت نے حالیہ برسوں میں عروج حاصل کیا ہے جو کہ دورافتادہ علاقوں میں سامان اور لوگوں سمیت غیر ملکی ٹریکرز اور کوہ پیماؤں کی رسائی ممکن بناتی ہے لیکن اس کا حفاظتی ریکارڈ ناقص رہا ہے۔

’تارا ایئر‘ کے تحت چلنے والے ٹوئن اوٹر طیارے نے مغربی قصبے پوکھرا سے مقامی وقت کے مطابق صبح 9:55 پر جومسوم کے لیے اڑان بھری لیکن 15 منٹ کے بعد ایئر ٹریفک کنٹرول کا رابطہ منقطع ہوگیا۔

 تارا ایئر کے ترجمان سدرشن بھرتولہ نے بتایا کہ ہم ممکنہ علاقے کا پتا لگانے کی کوشش کر رہے ہیں جہاں ہوائی جہاز ہو سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پولیس اور فوج کی تلاش اور بچاؤ ٹیمیں اس جانب جا رہی ہیں، جہاز میں 19 مسافر اور عملے کے 3 ارکان سوار تھے، مسافروں میں 2 جرمن اور 4 بھارتی اور باقی نیپالی شہری تھے۔

جومسوم ہمالیہ میں ٹریکنگ کا ایک مقبول مقام ہے جو پوکھرا سے ہوائی جہاز کے ذریعے تقریباً 20 منٹ کی مسافت پر ہے جوکہ دارالحکومت کھٹمنڈو سے 200 کلومیٹر مغرب میں واقع ہے۔

 ترجمان وزارت داخلہ پھنیندرا منی پوکھرل نے کہا کہ سرچ آپریشن کے لیے 2 ہیلی کاپٹر وقف کیے گئے ہیں تاہم ان کا کہنا تھا کہ اس وقت حد نگاہ کم ہے۔

انہوں نے کہا کہ خراب موسم کی وجہ سے سرچ آپریشن میں رکاوٹ پیدا ہونے کا امکان ہے، حد نگاہ اتنی کم ہے کہ کچھ بھی نظر نہیں آتا۔