غزہ: انتہاپسند صیہونی لیڈر ایتامار بین گویر کی سربراہی میں درجنوں یہودی آبادکاروں نے مسجد اقصیٰ کے احاطے میں داخل ہوکر نمازیوں پر دھاوا بول دیا۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق مسجد کے اقصیٰ کے احاطے میں مسلمانوں کو ایک بار پھر اُس وقت تشدد کا نشانہ بنایا گیا جب وہ نماز ادا کر رہے تھے۔ درجنوں مشتعل یہودی آباد کاروں نے اسرائیلی پولیس کی سرپرستی میں مسلمانوں پر دھاوا بولا۔
جنونی جتھے کی سربراہی متعصب انتہا پسند یہودی رہنما ایتامار بین گویر کر رہے تھے۔ صیہونی جتھے نے مسلمانوں کے خلاف شدید نعرے بازی بھی کی اور نمازیوں کو زدوکوب کیا جس میں درجنوں مسلمان زخمی ہوگئے۔
اسرائیلی پولیس کی سرپرستی میں جنونی یہودیوں کے نمازیوں پر حملے پر شدید احتجاج کیا گیا۔ پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے طاقت کا بے دریغ استعمال کیا۔
یاد رہے کہ رمضان المبارک میں مسلمانوں کی بڑی تعداد عبادت کے لیے مسجد اقصیٰ میں جمع ہوتے ہیں ان میں بیرون ممالک سے آنے والے مسلمان بھی شامل ہیں۔ اسرائیلی پولیس نے اس مقدس ماہ میں بھی مسلمانوں کو نماز کی ادائیگی سے روکے رکھا تھا۔
گزشتہ چار ماہ میں اسرائیل میں چاقو کے حملوں میں 20 سے زائد یہودی ہلاک ہوچکے ہیں جس پر اسرائیلی فوج نے جنین کے مہاجر کیمپ اور غزہ میں چھاپہ مار کارروائیاں کیں اور اب تک 32 نوجوانوں کو شہید کیا جا چکا ہے۔