اسلام آباد: وزیرِ اعظم شہباز شریف کی ہدایت پر حکومت نے موبائل فون صارفین کے تحفظ کےلیے بڑا قدم اٹھاتے ہوئے استعمال کنندگان کو ناپسندیدہ ایس ایم ایس بلاک کرنے کی اجازت دے دی گئی ہے۔
وزیر اعظم کے مشیر برائے اسٹریٹجک ریفارمز سلمان صوفی اور چیئرمین پی ٹی اے کے درمیان موبائل فون صارفین کے ڈیٹا کے تحفظ اور مارکیٹرز کی طرف سے بھیجے جانے والے ناپسندیدہ ایس ایم ایس کے حوالے سے مشاورت کی گئی۔
جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق مشاورت میں شہریوں کو ناپسندیدہ ایس ایم ایس بلاک کرنے کی اجازت دینے کی فوری پالیسی سازی پر اتفاق کیا گیا۔
معاون ِ خصوصی نے وزیراعظم کی پی ٹی اے کو صارفین کو بھیجے جانے والے مارکیٹرز کے ناپسندیدہ ایس ایم ایس کے ساتھ ساتھ شہریوں کے رازداری کے قوانین کے فوری جائزے کی ہدایات سے آگاہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ شہریوں کی پرائیویسی ایک آئینی حق ہے اور وزیر اعظم اس بات کو یقینی بنانا چاہتے ہیں کہ اس کی خلاف ورزی نہ ہو۔
چیئرمین پی ٹی اے وزیراعظم اسٹریٹجک ریفارمز یونٹ کو اس سلسلے میں ہونے والے اقدامات پر آج بریف کریں گے۔
اعلامیے کے مطابق اس سلسلے میں مجوزہ اقدامات میں صارف بغیر اجازت موصول ہونے والے میسج بھیجنے والی کمپنی کو رپورٹ کر سکے گا شامل ہے۔
مزید برآں صارف کو یہ حق حاصل ہو گا کہ وہ کسی بھی میسج بھیجنے والی کمپنی کو میسج بھیجنے سے منع کر سکے گا جس پر عملدرآمد کمپنی پر لازم ہوگا۔
اس کے علاوہ کمپنی صارف کا ڈیٹا اس کی مرضی کے بغیر کسی اور کمپنی کو نہ دینے کی پابند ہوگی۔