بی آر ٹی کیلئے مزید 86نئی بسیں خریدنے کا فیصلہ

پشاور: خیبرپختونخوا حکومت نے بس ریپڈ ٹرانزٹ (بی آر ٹی) سروس کے لیے چین سے مزید 86 نئی بسیں خریدنے کا اعلان کیا ہے جس کی تخمینہ لاگت 1  بلین  روپے ہے۔ 

 گوادر پرو کے مطابق بی آر ٹی میں چھ نئے فیڈر روٹس اور 86 بسیں شامل کی جائیں گی،بی آر ٹی کے روٹس پر پہلے ہی چین کی بنی ہوئی درجنوں بسیں عوام کی خدمت کر رہی ہیں۔

 بجٹ دستاویز میں بتایا گیا کہ چین سے 86 نئی بسوں کے ساتھ اس کے نئے فیڈر روٹس کو فعال بنایا جائے گا۔

 ان نئی بسوں کی شمولیت سے بی آر ٹی کی گنجائش روزانہ کی بنیاد پر 350,000 مسافروں تک بڑھے گی۔

 بی آر ٹی سروس میں شامل کیے جانے والے چھ نئے فیڈر روٹس میں حیات آباد فیز ون، ناصر باغ روڈ، چمکنی،پبی بازار، ورسک روڈ، خیبر روڈ اور چارسدہ روڈ ایکسٹینشن شامل ہیں۔