چین کے سائنسدانوں نے بتایا ہے کہ ان کی ٹیلی اسکوپ نے ممکنہ طور پر کسی خلائی مخلوق کے سگنل دریافت کیے ہیں۔
بیجنگ نارمل یونیورسٹی کے محققین نے ممکنہ طور پر زمین سے باہر موجود کسی ایلین تہذیب اور ٹیکنالوجی کے مشتبہ سگنلز کو دریافت کیا۔
چین کے سرکاری اخبار سائنس اینڈ ٹیکنالوجی ڈیلی میں اس بارے میں رپورٹ شائع ہوئی۔
رپورٹ کے مطابق چین کی 500 میٹر قطر کی دنیا کی سب سے طاقتور ریڈیو ٹیلی اسکوپ فاسٹ نے یہ سگنل دریافت کیے۔
رپورٹ کے مطابق چین کے خلائی مخلوق کی تلاش کے حوالے سے شہرت رکھنے والے ایک ماہر زینگ ٹونگ جی کا کہنا تھا کہ یہ سگنل ماضی کے سگنلز سے مختلف ہیں۔
مگر انہوں نے مزید کہا کہ یہ نئے سگنل ہوسکتا ہے کہ صرف ریڈیو لہروں میں مداخلت کے ہوں، مگر اس کی تصدیق کے لیے کام کرنا ہوگا جس میں وقت لگ سکتا ہے۔
خیال رہے کہ چین کے صوبے گیزو میں موجود فاسٹ ٹیلی اسکوپ کی تعمیر 1990 کی دہائی میں شروع ہوئی تھی اور 2016 میں مکمل ہوئی۔ مگر اس نے باضابطہ طور پر 2020 میں کام شروع کیا تھا۔
یہ ٹیلی اسکوپ دور دراز واقع کہکشاؤں سے آنے والی کمزور ریڈیو لہروں کو ڈھونڈ سکتی ہے۔
اس ٹیلی اسکوپ کا بنیادی مقصد زمین سے باہر زندگی کو تلاش کرنا ہے، جس کے لیے بیجنگ نارمل یونیورسٹی کے ماہرین کیلیفورنیا یونیورسٹی کے سائنسدانوں کے ساتھ مل کر کام کررہے ہیں۔
ان محققین نے مشتبہ سگنلز کے 2019 کے 2 سیٹس کو 2022 میں شناخت کیا جبکہ سگنلز کا ایک سیٹ رواں برس دیکھا گیا۔