نئی دہلی:بھارت میں منگل کو ایک بڑا سائبر حملہ ہواجس کے نتیجہ میں 500سے زائد ویب سائٹس ہیک ہوگئیں جن میں 70 سرکاری ویب سائٹس بشمول مہاراشٹر کے شہر تھانے پولیس کی ویب سائٹ بھی شامل ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق پولیس نے شبہ ظاہر کیا ہے کہ ملائیشیا اور انڈونیشیا کے ہیکروں نے یہ کام کیا ہے۔
مہاراشٹر سائبر سیل کے اے ڈی جی مدھوکر پانڈے نے کہا کہ کئی ویب سائٹس کو ری ویمپ کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ویب سائٹس کی بحالی کا کام ابھی بھی جاری ہے۔انہوں نے کہاکہ 500سے زائد ویب سائٹس ہیک ہو چکی ہیں۔
پولیس نے یہ بھی شبہ ظاہر کیا ہے کہ مذہبی تصادم کے تناظر میں کئی سائبر ہیکرز اس حملے میں ملوث ہوسکتے ہیں۔
اے ڈی جی پانڈے نے کہا کہ اس میں ملیشیائی اور انڈونیشیائی ہیکرز ملوث ہونے کی معلومات موجود ہیں۔ کیا یہ گینگ انڈیا میں سرگرم ہے؟ یا نہیں؟وہ تفصیلات جاننے کی کوشش کررہے ہیں۔
تھانے پولیس سائبر سیل کے ڈی سی پی سنیل لوکھنڈے نے بتایا کہ منگل کی صبح تقریبا 4 بجے پولیس کی ویب سائٹ ہیک کی گئی۔ اس کے بعد تکنیکی ماہرین نے ویب سائٹ کو بحال کردیا۔
مہاراشٹر کی وزارت داخلہ نے ریاستی سائبر سیل کو سرکاری ویب سائٹس اور سائبر حملوں کی ہیکنگ کی تحقیقات کرنے کی ہدایت دی ہے۔
تھانے پولیس کی ویب سائٹ ہیکنگ کی بھی تحقیقات شروع کر دی گئی ہے۔ کئی تعلیمی اداروں کے ساتھ ساتھ مختلف کمپنیوں کی ویب سائٹس کو بھی ہیک کیا گیاہے۔