پشاور:وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے بدھ کے روز ضلع اپر کوہستان کا ایک روزہ دورہ کیا جہاں اُنہوں نے 32 کلومیٹر طویل کندیاں ویلی روڈ منصوبے کے فیز ون اور 75کلومیٹر طویل سپاٹ گاہ ویلی روڈ کا سنگ بنیاد رکھا۔
یہ منصوبے بالترتیب ساڑھے پانچ ارب اور 8 ارب روپے کے تخمینہ لاگت سے مکمل کئے جائیں گے۔ اس کے علاوہ وزیراعلیٰ سے کوہستان کے نومنتخب بلدیاتی نمائندوں نے بھی ملاقات کی جس میں 200 سے زائد ویلج کونسل چیئرمین اور ویلج کونسلرز نے پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کی۔
نو منتخب بلدیاتی نمائندوں نے صوبائی حکومت کی پالیسیوں اور وزیراعلیٰ محمود خان کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے عام انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف کا بھر پور ساتھ دینے کا اعلان کیا۔
دریں اثناء وزیراعلیٰ نے اپر کوہستان کے علاقے داسو میں ایک جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ کثیر تعداد میں نو منتخب عوامی نمائندوں کی پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ پی ٹی آئی ملک کی ایک مقبول ترین سیاسی جماعت ہے اور عنقریب عمران خان دو تہائی اکثریت کے ساتھ دوبارہ وزیراعظم منتخب ہوں گے۔
موجودہ مسلط شدہ حکومت بہت جلد اپنی موت آپ مرے گی، ان لوگوں میں ملک کو چلانے کی اہلیت ہے اورنہ صلاحیت۔ یہ لوگ صرف اپنے کیسز ختم کرنے کیلئے اقتدار میں آئے ہیں اور ان کے پاس نہ تو عوام کیلئے پلان ہے اور نہ ایجنڈا۔ موجودہ کابینہ میں 60 فیصد اراکین ضمانت پر ہیں اور ان پر نیب اور ایف آئی اے کے کیسز چل رہے ہیں۔
وزیراعلیٰ نے کہاکہ جب اُنہوں نے فورس استعمال کرنے کی بات کی تو امپورٹڈ حکومت کی ٹانگیں کاپننے لگیں لیکن میں واضح کر دوں کہ میری فورس میری عوام ہے جو ڈٹ کر ہمارے ساتھ کھڑی ہے اور جب عمران خان دوبارہ کال دیں گے تو عوامی فورس کے ساتھ اسلام آباد پہنچیں گے، آنے والی نسلوں کے بہتر مستقبل کیلئے ملک کو لیٹروں سے آزاد کرانا ہے۔
اُنہوں نے عوام پر زور دیا کہ ملک کو حقیقی آزادی دلانے میں عمران خان کا ہاتھ مضبوط کریں۔ ہم لیٹروں کے ہاتھوں ملک کو امریکہ کی کالونی بننے نہیں دیں گے اور ان لوگوں کو اقتدار سے ہٹا کر واپس جیلوں میں ڈالنا ہے۔ محمود خان نے کہاکہ عمران خان کے وژن کے مطابق موجودہ صوبائی حکومت نے ایک مضبوط بلدیاتی نظام کی بنیاد رکھ دی ہے اورحکومت بلدیاتی نمائندوں کو مکمل اختیارات دے گی۔
اُنہوں نے کہاکہ خیبرپختونخوا حکومت واحد حکومت ہے جو اپنے بلدیاتی اداروں کو ترقیاتی فنڈز میں سے خطیر فنڈز دے رہی ہے۔ نئے مالی سال کے دوران بلدیاتی حکومتوں کو 41 ارب روپے کے ترقیاتی فنڈز دیئے جائیں گے۔ اُنہوں نے کہاکہ بلدیاتی حکومتوں کو فنڈز کی فراہمی کا مقصد لوگوں کے مسائل کو مقامی سطح پر حل کرنا ہے۔
محمود خان نے کہاکہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت تمام اضلاع کی یکساں بنیادوں پر ترقی کیلئے ٹھوس اقدامات اُٹھا رہی ہے اور اس سلسلے میں عمران خان کی خصوصی ہدایت کی روشنی میں پسماند ہ اضلاع کی ترقی کیلئے ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ پلان شروع کیا گیا ہے جس کا مقصد پسماندہ اضلاع کو دیگر ترقیافتہ اضلاع کے برابر لانا ہے۔ اُنہوں نے کہاکہ ڈی آئی خان سے لیکر چترال تک تمام اضلاع میں ضرورت کے مطابق ترقیاتی کام ہو رہے ہیں۔
اُنہوں نے کہاکہ کوہستان ایک پسماندہ علاقہ ہے یہاں کے عوامی مسائل کا بھر پور ادراک ہے اور علاقے کے مسائل کے فوری حل کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اُٹھائے جائیں گے۔ وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ داسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ ایک ڈیڈ پراجیکٹ تھا لیکن پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے اس پر کام شروع کیا۔
اُنہوں نے کہا کہ داسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ سے جڑے مقامی لوگوں کے زمینوں کے مسائل کا فی حد تک حل ہو چکے ہیں جبکہ پاور پراجیکٹ کی ملازمتوں میں مقامی افراد کو پہلی ترجیح دی جائے گی۔ صوبائی وزیرشوکت یوسفزئی وزیراعلیٰ کے ہمراہ تھے۔کوہستان سے منتخب اراکین صوبائی اسمبلی دیدار خان، مفتی عبید الرحمن اور عبد الغفار بھی اس موقع پر موجود تھے۔