خیبر پختونخوا کے اساتذہ کا مطالبات کی منظوری کیلئے بنی گالہ میں احتجاج

 اسلام آباد: عمران خان کی رہائش گاہ بنی گالہ کے باہر خیبر پختون خواہ کے ایڈہاک ٹیچرز کا مستقلی کےلیے احتجاجی دھرنا جاری ہے۔ احتجاجی اساتذہ کی بڑی تعداد نے رات عمران خان کی رہائش گاہ کے باہر گزاری۔

گزشتہ روز احتجاجی اساتذہ کے وفد کی چئیرمین تحریک انصاف عمران خان سے ملاقات بھی ہوئی اور عمران خان نے اساتذہ کو آج مسئلے کے حل کی یقین دہانی کرائی تھی۔ عمران خان نے وزیر خزانہ تیمور جھگڑا اور وزیر تعلیم کو مسئلہ کے حل کی ہدایت کی تھی۔

ایڈہاک ٹیچرز کا وفد آج پشاور میں صوبائی حکومت کے وفد سے ملاقات کرے گا۔ ایڈہاک ٹیچرز نے مطالبات تسلیم نہ ہونے کی صورت میں بنی گالہ میں دھرنا جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے۔

ایڈہاک ٹیچرز کا کہنا ہے کہ مستقلی کا نوٹیفکیشن جاری ہونے تک دھرنا جاری رہے گا، اس کے ساتھ ساتھ ریگولرائریشن اور سینیارٹی کا بھی نوٹیفکیشن جاری کیا جائے۔