خیبر پختونخوا کا افغانستان زلزلہ متاثرین کیلئے امدادی سامان و میڈیکل ٹیمیں بھیجنے کا فیصلہ

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا نے افغان صوبے پکتیکا میں  زلزلہ متاثرین کیلئے امدادی سامان اور میڈیکل ٹیمیں بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔

امدادی سامان میں ادویات، اشیاء خورونوش اور دیگر ضروری چیزیں شامل ہوں گی۔ وزیر اعلیٰ نے اس سلسلے میں فوری اقدامات کے لیے وزیر صحت اور چیف سیکریٹری کو ہدایات جاری کر دی ہیں۔

وزیراعلیٰ محمود خان کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا حکومت مشکل کی اس گھڑی میں اپنے افعان بھائی بہنوں کے ساتھ کھڑی ہے، صوبائی حکومت اپنے افعان بہن بھائیوں کی ہر ممکن مدد کرے گی اور اس مقصد کے لیے ہر ممکن وسائل فراہم کرے گی۔

انہوں نے افغانستان میں زلزلے سے ہونے والی جانی و مالی نقصانات پر اظہار افسوس اور متاثرہ خاندانوں سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا۔

وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت اور صوبے کے عوام جاں بحق افراد کے لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔

واضح رہے کہ افغانستان میں آج صبح 6.1 شدت کا زلزلہ آیا جس کے باعث اب تک 950 افراد جاں بحق اور 600 سے زائد افراد زخمی ہوگئے ہیں جبکہ کئی مکانات بھی تباہ ہوگئے۔