خیبرپختونخوا میں کم از کم اجرت 26 ہزار روپے مقرر

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے صوبے میں کم از کم اجرت 21 ہزار روپے سے بڑھا کر 26 ہزار روپے کردی۔

ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے بجٹ کی منظوری کے لیے منعقدہ صوبائی اسمبلی کے اجلاس میں تقریر کرتے ہوئے اس اضافے کا اعلان کیا۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ کم از کم اجرت کی حد کا اطلاق فوری طور پر ہوگا۔

خیال رہے کہ دیگر صوبوں میں کم سے کم اجرت 25 ہزار روپے ہے اور وفاقی حکومت نے بھی کم از کم تنخواہ 25 ہزار روپے ماہانہ مقرر کی تھی۔

کم سے کم تنخواہ کا اطلاق آجر، مقام اور کام کی نوعیت سے قطع نظر ہر شہری پر ہوگا۔

وزیراعلیٰ محمود خان نے کہا کہ صوبائی حکومت نے نئے بجٹ میں 200 ارب روپے صحت اور انصاف فوڈ کارڈز اور دیگر سماجی اقدامات کی صورت میں براہ راست عوام پر خرچ کرنے لیے رکھے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یکم جولائی سے ایک فوڈ پروگرام بھی متعارف کرایا جارہا ہے جس میں گندم پر 3 کھرب 22 ارب روپے کی سبسڈی شامل ہوگی۔