امریکی ویڈیو اسٹریمنگ کمپنی نیٹ فلکس نےمزید 300 ملازمین برطرف کردیے، نیٹ فلکس نے چند ہفتے قبل ہی سینکڑوں ملازمین کو فارغ کیا تھا۔
بین الاقوامی میڈیا رپورٹ کے مطابق نیٹ فلکس نے اک بار پھر 300 ملازمین کی چھانٹی کی ہے، نیٹ فلکس نے اس مرتبہ اپنے ہر ڈپارٹمنٹ سے ملازمین کو نکالا ہے، جن لوگوں کو ملازمت سے نکالا گیا ہے، ان میں بیشتر امریکا سے تعلق رکھتے ہیں۔
تقریباً 11 ہزار مستقل ملازمین والی کمپنی نیٹ فلکس نے کچھ ہفتے پہلے ہی مئی میں سینکڑوں ملازمین کو برخاست کیا تھا، کمپنی نے اس وقت کہہ دیا تھا کہ مزید برطرفیاں بھی متوقع ہیں۔
خیال رہے کہ کمپنی نے اپنے ملازمین کی برطرفی کا فیصلہ اسٹاک مارکیٹ میں کمپنی کے کمزور ہوتے اسٹاک پرائس کو مستحکم کرنے کی کوششوں کے تحت کیا ہے۔
سنہ 2022 کے پہلے کوارٹر میں 2 لاکھ سبسکرائبرز کے نقصان کے بعد کمپنی کے شیئرز کی قیمت میں 20 فیصد تک کی گراوٹ درج کی گئی تھی، مارکیٹ ماہرین کا اندازہ ہے کہ 2022 میں اپریل سے جون کے دوسرے کوارٹر میں کمپنی کو 20 لاکھ سبسکرائبرز کا نقصان اٹھانا پڑ سکتا ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق کمپنی کے پاس مجموعی طور پر 38 ملین سے زیادہ پیڈ سبسکرائبرز ہیں۔