خیبر پختونخوا کے حلقہ پی کے7 سوات کے ضمنی انتخاب میں میں ووٹوں کی گنتی کا عمل مکمل ہوگیا ہے اور الیکشن کے غیر سرکاری ،غیر حتمی نتائج کے مطابق پی ٹی آئی کے امیدوار فضل مولا کامیاب ہوگئے ہیں۔
پی کے7 کے ضمنی انتخاب میں پی ٹی آئی کے امیدوار فضل مولا اور اے این پی کے امیدوار حسین احمد خان کے علاوہ 2 آزاد امیدوار مد مقابل تھے تاہم اصل مقابلہ پی ٹی آئی اور اے این پی کے امیدواروں کے درمیان تھا۔
پی کے7سوات کے تمام 124 پولنگ اسٹیشن کے غیر سرکاری، غیر حتمی نتائج کے مطابق پی ٹی آئی کے فضل مولا 17 ہزار 395 ووٹ لےکر کامیاب ہوگئے جب کہ اے این پی کے حسین احمد خان 14 ہزار 604 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔
اے این پی نے پی کے 7 سوات کے ضمنی انتخاب کے نتائج مسترد کر دیے ہیں۔
رہنما اے این پی ایمل ولی خان کا کہنا ہے کہ پارٹی میں مشاورت کے بعد نتائج کو چیلنج کریں گے، پولنگ ایجنٹس کے پاس موجود فارم 45 اور سرکاری نتائج مختلف ہیں، سرکاری مشینری کے استعمال اور راتوں رات فنڈز کے اجراء پر الیکشن کمیشن کیوں خاموش رہا؟
خیال رہےکہ یہ نشست اے این پی کے رکن صوبائی اسمبلی وقار خان کے انتقال کے باعث خالی ہوئی تھی۔