شمالی وزیرستان میں پولیو ٹیم پر حملہ،2 پولیس اہلکاراور 1 پولیو ورکر شہید

میڈیا ذرائع کے مطابق شمالی وزیرستان کی تحصیل دتہ خیل میں نامعلوم افراد کی جانب سے  پولیو ٹیم پر فائرنگ کی گئی جس کے نتیجے میں دو پولیس اہلکار اور 1 پولیو ورکر شہید، جبکہ 1 بچہ زخمی ہوا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ شمالی وزیرستان کی تحصیل دتہ خیل میں پولیو ٹیم پر نامعلوم افراد کی فائرنگ کی، واردات کے بعد نامعلوم ملزمان فرار ہوگئے۔

پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ واقعہ کے بعد اہلکاروں کی لاشوں کو قریبی اسپتال منتقل کردیا ہے جبکہ علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن کیا جارہا ہے۔

دوسری جانب وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمود خان کی شمالی وزیرستان میں پولیو ٹیم پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔

وزیر اعلی محمود خان نے پولیس کو حملے میں ملوث عناصر کی فوری گرفتاری کے لئے ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ پولیو ٹیموں پر حملہ کرنے والے ہمارے بچوں کی مستقبل کے دشمن ہیں، حملے میں ملوث افراد کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز ملک بھر میں پولیو مہم کا آغاز کیا گیا تھا، جس کا افتتاح وفاقی وزیر صحت عبدالقادر پٹیل نے کیا تھا، مہم کے دوران 12.6 ملین بچوں کو قطرے پلائے جائیں گے۔