خیبرپختونخوا کابینہ نے 58ہزار ایڈہاک اساتذہ مستقل کرنیکی منظوری دیدی 

 صوبائی کابینہ نے این ٹی ایس کے ذریعے میرٹ پر گریڈ 12 سے 16 تک ایڈہاک بنیادوں پر بھرتی کئے گئے اساتذہ کو باقاعدہ طور پر مستقل کرنیکی منظوری دی ہے۔اس اقدام سے 58 ہزار کے لگ بھگ اساتذہ مستفید ہوں گے۔

یہ بات وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی برائے اطلاعات و تعلقات عامہ بیرسٹر محمد علی سیف نے کابینہ کے فیصلوں سے متعلق میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے بتائی۔

صوبائی کابینہ کا 75 واں اجلاس وزیر اعلیٰ محمود خان کی زیر صدارت سول سیکرٹریٹ پشاورکے کیبنٹ روم میں ہوا۔ اجلاس میں کابینہ کے ارکان، چیف سیکرٹری، ایڈیشنل چیف سیکرٹری، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو اور انتظامی سیکرٹریوں نے شرکت کی۔

 صوبائی کا بینہ نے را ئٹ ٹو پبلک سروس کمیشن میں عوامی خدمات تک رسائی میں 38مزید پبلک سروسز شامل کرنے کی منظوری دے دی ہے۔ ان خدمات میں نئی گاڑیوں کی فٹنس سرٹیفکیٹ، آلودگی کنٹرول سرٹیفکیٹ، روٹ پرمٹ واٹر سپلائی لا ئن کی مرمت،گلیوں کی صفائی، ٹریڈ لائسنس، فروٹ مارکیٹس کے قیام کے لیے NOC اور سکالرشپ کے کیسز وغیرہ قابل ذکرہیں۔ یہ امور متعلقہ محکمے سر انجام دیں گے۔

 وزیر اعلیٰ نے دیر میں سکول کی دیوار گرنے کے واقعے میں جاں بحق بچی کے لواحقین کے لیے 10 لاکھ روپے اور اس واقعے میں زخمی ہونے والوں کے لیے ایک ایک لاکھ روپے کی مالی مدد کا اعلان کیا اور اس کے ساتھ ساتھ اس سکول کے نام کو جاں بحق بچی کے نام سے منسوب کرنے کا بھی اعلان کیا۔

 بیرسٹر محمد علی سیف نے کہا کہ صوبائی کابینہ نے ضلع بنوں میں تحصیل میونسپل ایڈمنسٹریشن ڈومیل کے دفاتر کے قیام کیلئے سرکاری اراضی کی فراہمی کی منظوری دے دی۔

انہوں نے کہا کہ صوبائی کا بینہ نے دریاؤں سے کنسٹرکشن انڈسٹری کے لیے بجری ریت نکالنے کو سائنسی بنیادوں پر استوار کرنے کیلئے خیبر پختونخوا مائیننگ آف مائینر اینڈ مِنزلز رولز 2022کی منظوری دے دی ہے۔ تاکہ انڈسٹری کی ضروریات بھی پوری ہوں اور دریاؤں کا قدرتی بہاؤ بھی متاثر نہ ہو۔

 کابینہ نے غیر قانونی مائننگ پر جرمانے عائد کرنے کی بھی ہدایت کی۔ جرمانے 5 لاکھ روپے سے 15 لاکھ تک لگائے جاسکتے ہیں۔ صوبائی کا بینہ نے پشاور میں موجود 12 بند ٹیوب ویلز پاکستان پبلک ورکس ڈیپارٹمنٹ سے لیکر ڈبلیو ایس ایس پی پشاور کی تحویل میں دینے اور مذکورہ ٹیوب ویلز کی بحالی کیلئے16.63ملین روپے ون ٹائم گرانٹ فراہم کرنے کی بھی منظوری دی۔ اسکے علاوہ وزیراعلی ٰنے صوبے میں سینٹیشن سروسز آؤٹ سورس کرنے کی ہدایت کی۔

 صوبائی کا بینہ نے صوبے میں وائلڈ لائف کے موثرانتظام اور تحفظ کیلئے مشترکہ چیک پوسٹیس قائم کرنے اور اس سلسلے میں سیکرٹری جنگلات کو مجاز اتھارٹی قرار دینے کی منظوری دے دی ہے۔صوبائی کا بینہ نے جنگلی حیات کے تحفظ کیلئے ضلع شانگلہ کبل گرام کو گیم ریزرو ایریا قرار دینے کی منظوری دے دی ہے۔

 بیرسٹر محمد علی سیف نے کہا کہ صوبائی کا بینہ نے ہائیکورٹ کے احکامات کی روشنی میں مائنز اینڈ منرل کے کیسوں کو نمٹانے کیلئے عبوری ٹریبیونل کی تشکیل کی منظوری بھی دیدی۔

 صوبائی کا بینہ نے تحت بھائی ضلع مردان میں گورنمنٹ کالج آف کامرس اینڈ مینجمنٹ سائنسز کے قیام کیلئے محکمہ انڈسٹریز کی 20کنال اراضی محکمہ ہائیرایجوکیشن کے نام منتقل کرنے اور ضلع شانگلہ میں گورنمنٹ ہائی سکول لیلونئی کو ہائیر سیکنڈری سکول کا درجہ دیتے ہوئے سرکاری اراضی محکمہ تعلیم کے نام منتقل کرنے کی منظوری دِی۔ 

صوبائی کا بینہ نے اوچہ ولہ تحصیل شبقدر میں ریسکیو 1122اسٹیشن کے قیام کیلئے سرکاری اراضی فراہم کرنے کی منظوری دے دی ہے۔ صوبائی کا بینہ نے سوات میں دہشت گردی میں مبینہ طور پر ملوث افراد کی اصلاح کے لیے بنائے گئے حراستی مرکز فضا گٹ کو ختم کرنے کی منظوری دے دِی۔ 

بیرسٹر محمد علی سیف نے کہا کہ وزیر اعلی نے ہدایت کی کہ یونیورسٹیز کے لئے اراضی فراہم کے لئے طریقہ کار(Standardization) وضع کی جائے تاکہ تعلیمی سرگرمیاں بھی جاری رہیں اور زرخیز زمینوں کا کم سے کم استعمال ہو۔