وزیراعلیٰ بجلی لوڈشیڈنگ پر برہم، پیسکو حکام کی طلبی، فوری اقدامات کی ہدایت

پشاور: وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے صوبے میں جاری بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا نوٹس لیتے ہوئے جمعرات کے روزپیسکو حکام کو اپنے دفتر طلب کرلیا۔

 وزیراعلیٰ نے صوبے کے مختلف علاقوں میں غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے پیسکو حکام کو سختی سے ہدایت کی ہے کہ وہ صورتحال میں بہتری لانے اور گرمی کے موسم میں عوام کو ریلیف دینے کیلئے اقدامات اٹھائیں اور غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کے خاتمے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر لائحہ عمل تربیت دیں۔

 وزیراعلیٰ نے واضح کیا کہ صوبے کے چند ایک علاقوں میں بلنگ کے مسائل کو بنیاد بنا کر شہری علاقوں میں غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کسی صورت قابل قبول نہیں۔

 انہوں نے کہاکہ بجلی کی مجموعی پیداوار میں صوبے کو اس کا پورا شیئر ملنا چاہیے۔ خیبرپختونخوا بجلی کا پیداواری صوبہ ہے جبکہ صوبائی حکومت صوبے میں بجلی کے ترسیل کے نظام کی بہتری کیلئے خاطر خواہ فنڈز بھی پیسکو کو فراہم کر رہی ہے۔ 

اس موقع پر چیف سیکرٹری ڈاکٹر شہزاد بنگش، ایڈوکیٹ جنرل شمائل بٹ ایڈوکیٹ، وزیراعلیٰ کے فوکل پرسن محمد خالق، چیف ایگزیکٹیو پیسکو جبار خان اور دیگر متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔

 وزیراعلیٰ نے کہاکہ صوبائی حکومت نے صوبے بھر میں بجلی کے کھمبوں، ٹرانسمیشن لائن اور ٹرانسفارمر کی تنصیب اور دیگر انفراسٹرکچر کی تعمیر کیلئے ممبران صوبائی اسمبلی کے ترقیاتی فنڈز میں سے ساڑھے چار ارب روپے کی خطیر رقم پیسکو کو فراہم کی ہے لیکن بعض غیر متعلقہ اور غیر منتخب سیاسی لوگ اس کا کریڈٹ لینے کی کوشش کر رہے ہیں جو کسی بھی صورت قبول نہیں۔

 انہوں نے پیسکو حکام پر واضح کیا کہ صوبائی حکومت نے اپنے خزانے سے پیسکو کو جن کاموں کیلئے فنڈز فراہم کئے ہیں وہ کام متعلقہ ایم پی ایز کی وساطت سے ہونے چاہئیں۔

وزیراعلیٰ نے پیسکو حکام کو یہ بھی ہدایت کی کہ صوبائی حکومت کے فراہم کردہ فنڈز سے بجلی کے ترقیاتی کام بروقت مکمل ہونے چاہئیں اوراس میں تاخیر کسی بھی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔

محمود خان نے کہاکہ صوبے میں بجلی کے لوڈ مینجمنٹ کا طریقہ کار اور اوقات کار صوبے کے عوام کے وسیع تر مفاد میں صوبائی حکومت کی ترجیحات کے مطابق طے ہوں گے جس کیلئے صوبائی حکومت کے نمائندے پیسکو حکام کے ساتھ معاملات طے کریں گے۔

انہوں نے پیسکو حکام کو یہ بھی ہدایت کی کہ صوبے کے باقی ماندہ علاقوں میں بجلی کی میٹرائزیشن کا عمل جلد شروع کرنے کیلئے پلان تیار کریں اور صوبائی حکومت اس پلان پر عمل درآمد کیلئے پیسکو کو ہر ممکن تعاون اور وسائل فراہم کرے گی۔