وفاقی حکومت کھل کر پختون دشمنی پر اتر آئی ہے، وزیراعلیٰ 

پشاور:وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے موجودہ وفاقی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ کمر توڑ مہنگائی کی صورت میں امپورٹڈ حکومت عوام کے ساتھ جو ظلم اور زیادتی کررہی اس کا جواب دینا پڑے گا اور عوام حکمرانوں سے اس زیادتی کا جواب مانگ رہے ہیں۔

  وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت کھل کر پختون دشمنی پر اتر آئی ہے، اس نے قبائلی اضلاع کی صحت کارڈ سکیم کو ختم کردیا اور ترقیاتی فنڈز میں کمی کردی ہے لیکن افسوس کی بات ہے کہ پختونوں کے نام نہاد علمبردار اس پر بالکل خاموش اور ان کی یہ خاموشی معنی خیز ہے، قبائلی اضلاع کے عوام کے ساتھ ہونے والی اس ظلم زیادتی میں وفاقی حکومت میں شامل تمام سیاسی جماعتیں برابر کی شریک ہیں۔

اگر حکومت کرنے کی اہلیت نہیں تھی اور ملک کو چلانے کے لئے کوئی پالیسی نہیں تھی تو بیرونی سازش کے تحت عوام کی منتخب حکومت ختم کرکے اقتدار میں آنے کی ضرورت کیا تھی۔ 

انہوں نے کہا ہے کہ ہماری تین سالہ حکومت میں مہنگائی کے خلاف اسلام آباد کی طرف مارچ کرنے والے لوگ عوام کو بتائیں کہ وہ آج اس طوفان مہنگائی میں خاموش کیوں ہیں، جب ہماری حکومت تھی تو انہیں مہنگائی بھی یاد آتی تھی اور اسلام بھی لیکن آج انہوں نے چپ کا روزہ رکھا ہوا ہے ان کے اس دوہرے معیار نے انہیں عوام کے سامنے ایکسپوز کردیا اور عوام کو اچھی طرح پتہ چل گیا کہ یہ لوگ عوام کے لئے نہیں بلکہ اپنی کرپشن چھپانے کے لئے چور دروازے سے اقتدار میں آئے ہیں۔

 وہ ہفتے کی شام پردہ باغ پشاور میں عمران کے خان کے پریڈ گراؤنڈ جلسے میں بذریعہ اسکرین شرکت کے لئے آئے پارٹی کارکنان سے خطاب کررہے تھے۔ 

انہوں نے کہا کہ دو سیاسی جماعتوں نے باری باری اس ملک پر چالیس سال حکومت کی، اس دوران وہ 20 دفعہ قرضہ لینے آئی ایم ایف کے پاس گئے اور ملک کو قرضوں میں ڈبو کر آج عمران خان کو آئی ایم ایف کے پاس جانے کا طعنہ دیتے ہیں۔

 عمران خان کوجب حکومت ملی تو سب کو معلوم ہے کہ اس وقت ملکی معیشت تباہ حال تھی اور ملک دیوالیہ ہونے کے قریب تھا لیکن عمران خان نے دن رات محنت کرکے ملک کو ٹریک پرڈال دیا اور ملکی معیشت مستحکم ہونے لگی جو لٹیروں سے ہضم نہیں ہو اور بیرونی سازش کے ذریعے ہماری حکومت ختم کردی۔

 محمود خان نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے عوام پہلے بھی عمران کے ساتھ تھے، آج بھی ہیں اور آئندہ بھی رہیں گے اور انشااللہ اللہ پختونخوا کے عوام عمران خان کو دو تہائی اکثریت کے ساتھ دوبارہ اقتدار میں لائیں گے اور اس ملک کو دوبارہ ترقی کے راہ پر گامزن کریں گے۔ 

وزیر اعلیٰ نے پریڈ گراؤنڈ جلسے میں شرکت کے لئے جانے والے خیبر پختونخوا کے لاکھوں کارکنان اور پشاور میں بذریعہ اسکرین جلسے میں شرکت کے لئے آنے والے کارکنوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان جب بھی کال دیں گے تو خیبر پختونخوا کے کارکنان ان کی کال پر لبیک کہیں گے اور کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ سابق گورنر شاہ فرمان، سابق وفاقی وزیر نورالحق قادری، صوبائی اراکین کابینہ اقبال وزیر، انور زیب، بیرسٹر محمد علی سیف اور دیگر بھی اس موقع پر موجود تھے۔