خیبر پختونخوا کے جنوبی ضلع ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے تھانہ صدر کی حدود میں سبزی منڈی کے قریب نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ڈیوٹی پر موجود دو ٹریفک پولیس اہلکار شہید ہو گئے۔
پولیس ذرائع کے مطابق رتہ کلاچی سبزی منڈی موڑ پر نامعلوم افراد نے ڈیوٹی پر تعینات ٹریفک پولیس اہل کاروں پر گولیاں چلائیں۔
دونوں اہل کاروں شوکت اور حبیب پر فائرنگ کرنے کے بعد نامعلوم مسلح افراد فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ اطلاع ملتے ہی پولیس کی نفری جائے وقوع پر پہنچی اور شواہد اکٹھے کیے۔
پولیس نے فائرنگ کے مقام کی ناکابندی کرکے ثبوتوں اور موقع پر موجود افراد کے بیانات کی روشنی میں تحقیقات شروع کردی ہے۔