پشاور:وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے صوبے میں تعلیم نسواں کو فروغ دینے کے لئے ایک اہم قدم کے طور پر سرکاری سکولوں کے پی ٹی سی فنڈز سے دور دراز علاقوں کی بچیوں کو ٹرانسپورٹ کی سہولت فراہم کرنے کا اصولی فیصلہ کرتے ہوئے محکمہ ابتدائی و ثانوی تعلیم کوکسی بھی پسماندہ علاقے میں بطور پائلٹ پروجیکٹ بچیوں کو ٹرانسپورٹ کی سہولت فراہم کرنے کے لئے طریقہ کار وضع کرنے کی ہدایت کی ہے۔
وزیراعلیٰ نے صوبائی سطح پر ایک مرکزی تعلیمی بورڈ کے قیام کی تجویز سے اْصولی اتفاق کرتے ہوئے محکمہ تعلیم کو اس سلسلے میں ایک ورکنگ گروپ تشکیل دے کر 90 دنوں کے اندر ہوم ورک مکمل کرکے قابل عمل تجاویز پیش کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔
وہ بدھ کے روز محکمہ ابتدائی و ثانوی تعلیم کے اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ محکمہ ہائے ابتدائی و ثانوی تعلیم، خزانہ، قانون اور منصوبہ بندی کے انتظامی سیکرٹریوں اور دیگر حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔
اجلاس میں مرکزی تعلیمی بورڈ کے قیام پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا اور تجویز دی گئی کہ مرکزی تعلیمی بورڈ کے قیام کی صورت میں موجودہ سات تعلیمی بورڈزمرکز ی بورڈ کے ذیلی سہولیاتی مراکز کے طور پر کام جاری رکھیں گے جبکہ مستقبل میں طلبہ کی سہولت کیلئے اس طرح کے سہولیاتی مراکز صوبے کے دیگر اضلاع میں بھی قائم کئے جائیں گے تاکہ طلبہ کے بورڈ سے جڑے زیادہ سے زیادہ معاملات مقامی سطح پر ہی طے کئے جاسکیں۔
مرکزی تعلیمی بورڈ کے قیام کا مقصد صوبے میں امتحانات کی یکساں نظام اور معیار کو قائم کرنا ہے تاکہ صوبے میں تعلیم کا معیار بہتر بنایا جاسکے۔ اجلاس میں سرکاری اسکولوں کے پی ٹی سی فنڈز میں اصلاحات پر بھی غورو خوض کیا گیا اور اہم فیصلے کئے گئے۔
اس موقع پر پی ٹی سی فنڈز کے دائرہ کار کو توسیع دینے کا اْصولی فیصلہ کیا گیااور پی ٹی سی فنڈ سے سکولوں میں کمروں کی تعمیر کے ساتھ ساتھ دور دراز علاقوں کی بچیوں کے لئے ٹرانسپورٹ کی سہولت فراہم کرنے، اسکولوں میں واٹر کولر اور آگ بجھانے کے آلات کی خریداری اور دیگر سہولیات فراہم کرنیکی تجویز دی گئی۔
وزیراعلیٰ نے تجاویز سے اْصولی اتفاق کرتے ہوئے محکمہ ابتدائی و ثانوی تعلیم کو اس سلسلے میں لائحہ عمل تیار کرکے منظوری کے لئے پیش کرنے کی ہدایت کی۔
اْنہوں نے محکمہ تعلیم کو محکمہ سماجی بہبود کے تعاون سے معذور طلبہ کو وہیل چیئر کی فراہمی کے لئے بھی لائحہ عمل تیار کرنے جبکہ محکمہ تعلیم کو پی ٹی سی فنڈز کے تحت اب تک کئے گئے کاموں کی جائزہ رپورٹ پیش کرنے کی بھی ہدایت کی۔
وزیراعلیٰ نے مزید ہدایت کی کہ صوبے کے خود مختار سرکاری سکولوں کے موجودہ نظام کا ازسر نو جائزہ لیا جائے اور ان تعلیمی اداروں کے جملہ معاملات کو مزید منظم اور بہتر انداز میں چلانے کے لئے ٹھوس تجاویز پیش کی جائیں۔
محمود خان نے متعلقہ حکام کو پشاور سمیت صوبے کے شہری علاقوں میں سکولوں کی پرانی عمارتوں کی تعمیر نو کے منصوبے پر خصوصی توجہ دینے کی بھی ہدایت کی۔