خیبرپختونخوامیں مون سون بارشیں آج سے شروع ہونے کی پیشگوئی

محکمہ موسمیات کے مطابق پشاور سمیت صوبے کے بیشتراضلاع میں مون سون بارشوں کاسلسلہ آج  ہفتے کے روز سے شروع ہونے کاامکان ہے جوپیرکے روز تک جاری رہے گا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق پشاور،مانسہرہ،ایبٹ آباد،ہری پور،کوہستان،تورغر،بٹگرام،سوات،دیر ،شانگلہ، بونیر،مالاکنڈ، صوابی، نوشہرہ،مردان میں آج  سے بارش کاامکان ہے،جبکہ بارشوں کاسلسلہ پیرکے روز تک جاری رہنے کاامکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے تیز ہواوں اور بارشوں سے لینڈسلائیڈنگ اور ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔
پی ڈی ایم اے نے اس حوالے سے صوبے کی تمام ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کیلئے مراسلہ جاری کردیا،پی ڈی ایم اے کے مطابق تیز ہواؤں اور بارشوں کے پیش نظرصوبے کے حساس علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ،جبکہ ندی نالوں میں طغیانی اوراربن فلڈنگ کاخدشہ ہے۔

پی ڈی ایم اے نے ضلعی انتظامیہ کو چھوٹی بڑی مشینری کی دستیابی یقینی بنانے اورسیاحوں کو دوران سفر خصوصی احتیاطی تدابیر اختیارکرنے کی ہدایت کی ہے۔