سوات اور مانسہرہ حادثات : سیاحوں سمیت 11 جاں بحق، 7 زخمی 

پشاور: خیبرپختونخواہ کے دو علاقوں مانسہرہ اور وادی سوات میں گاڑیاں کھائی میں گرنے کے واقعات میں خواتین سمیت گیارہ افراد جاں بحق ہوگئے۔ نجی ٹی وی کے مطابق خیبرپختونخواکے مالاکنڈ ڈویژن کے سیاحتی علاقے گبین جبہ میں سیاحوں کی گاڑی کھائی میں گرنے سے 8 افراد جاں بحق جبکہ 7 زخمی ہوئے۔

واقعے کے بعد ریسکیو 1122 کے رضاکاروں نے لاشوں اور زخمیوں کو مٹہ اسپتال منتقل کیا، جن میں سے 4 کی حالت انتہائی تشویشناک بتائی جارہی ہے۔

ریسکیو حکام کے مطابق سوزوکی پک اپ گاڑی میں سیاح مینگورہ سے مالم جبہ تفریح کے لیے جارہے تھے۔ اُدھر مانسہرہ کے علاقے تھانہ گڑھی حبیب اللہ میں سوزوکی کھائی میں گرنے سے ایک ہی خاندان کی تین خواتین جاں بحق ہوگئیں۔ جاں بحق ہونے والوں میں حاجی چن زیب کی والدہ، اہلیہ اور ہمشیرہ شامل ہیں۔ حادثے میں 5 افراد زخمی ہوئے جنہیں سول اسپتال گڑہی حبیب اللہ منتقل کر دیا گیا ہے۔

دوسری جانب وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے حادثے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر اظہار افسوس کرتے ہوئے متاثرہ خاندان سے دلی ہمدردی اور تعزیت کی۔ انہوں نے جاں بحق افراد کی مغفرت اور پسماندگان کیلئے صبر جمیل کی دعا بھی کی۔