ذرائع محکمہ جنگلات کے مطابق خیبرپختونخوا میں رواں سال مون سون شجرکاری مہم کے دوران مختلف اقسام کے 3 کروڑ75 لاکھ 64 ہزار پودے لگائے جائیں گے ، پودے بلین ٹری سونامی پراجیکٹ کے تحت لگائے جائیں گے۔
ذرائع کے مطابق مون سون شجرکاری مہم کے لئے 116 مختلف اقسام کے پودوں کا انتخاب کیا گیا ہے جسے صوبہ کے جغرافیائی، آب و ہوا اور مٹی کی مناسبت سے لگانے کے انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں۔ محکمہ جنگلات خیبر پختونخوا کے پاس اس وقت سرکاری اور نجی نرسریوں میں 11 کروڑ 39 لاکھ سے زائد پودے موجود ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ صوبہ کے جنگلاتی احاطے کو تین بڑے سرکل میں تقسیم کیا گیا ہے۔ جنوبی اضلاع سمیت نئے ضم شدہ قبائلی اضلاع پر مشتمل سنٹرل جنوبی ریجن میں ایک کروڑ 96 لاکھ پودے جبکہ ہزارہ ڈویژن کے اضلاع پر مشتمل شمالی فارسٹ ریجن ایبٹ آباد میں 9 8 لاکھ 27 ہزار سے زائد پودے لگائے جا ئینگے۔
اسی طرح مالاکنڈ ڈویژن کے تمام اضلاع پر مشتمل ملاکنڈ فارسٹ ریجن 3 سوات میں 90 لاکھ سے زائد پودے لگانے کا ہدف مقررکیا گیا ہے۔محکمہ جنگلات خیبر پختونخوا نے 6 بڑے سرکاری محکموںکے ذریعے مجموعی طور پر 2کروڑ 68 ہزار پودے لگانے کی منصوبہ بندی کی ہے۔محکمہ جنگلات کے مطابق صوبہ بھر میں وسیع پیمانے پر شہری و غیر شہری علاقوں میں 8لاکھ 95 ہزار پودے جبکہ فارم فارسٹری پروگرام کے تحت صوبہ بھر میں 89 لاکھ 46 ہزار پودے لگانے کا اہتمام کیا گیا ہے۔
اسی طرح دیہی ترقیاتی تنظیموں کے تحت خیبر پختونخوا میں 22 لاکھ سے زائد پودے لگائے جائینگے۔ ذرائع کے مطابق دفاعی افواج کے تحت بھی شجرکاری مہم کا پروگرام ڈیزائن کیا گیا ہے اور صوبہ بھر میں 38لاکھ 79 ہزار پودے جبکہ تعلیمی اداروں کے تحت بھی مون سون شجرکاری مہم کے دوران 9 لاکھ 48 ہزار پودے لگانے کا ہدف دیاگیا ہے۔