خیبرپختونخوا حکومت نے اپنے کم کارکردگی والے اسکولوں کے امور اور انتظام نجی اداروں کے سپرد کرنے کا منصوبہ بنایا ہے اور اس ان کا ماننا ہے کہ اس اقدام سے ان تعلیمی اداروں میں تعلیم کے معیار، انرولمنٹ کی شرح اور گورننس میں بہتری آئے گی۔
میڈیا ذرائع مطابق سرکاری دستاویزات میں انکشاف کیا گیا ہے کہ ابتدائی اور ثانوی تعلیم کے محکمے نے پائلٹ پراجیکٹ کے لیے نو اضلاع میں 180 سرکاری اسکولوں کا انتخاب کیا ہے جن میں 145 پرائمری اور 35 ہائی اور ہائر سیکنڈری اسکول شامل ہیں۔
محکمے نے ان اسکولوں کو 35 حصوں میں تقسیم کیا ہے جس میں ہر کلسٹر میں ایک ہائی یا ہائیر سیکنڈری اسکول اور چار یا پانچ 'فیڈنگ' پرائمری اسکول ہیں۔
اس منصوبے کو آئندہ تعلیمی سال میں شروع کیے جانے کا امکان ہے جو ستمبر میں شروع ہونے والا ہے، حکومت اس کے لیے رواں مالی سال میں پہلے ہی ایک ارب روپے مختص کر چکی ہے۔
اس اقدام کو ایبٹ آباد، بونیر، ہری پور، کرک، کوہاٹ، مانسہرہ، نوشہرہ، صوابی اور سوات کے اضلاع کے منتخب علاقوں میں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کی بنیاد پر عمل میں لایا جائے گا۔