پاکستانی شوبز انڈسٹری کی مایا ناز جوڑی سجل علی اور احد رضا میر نے انسٹاگرام سے ایک دوسرے کو ان فالو کر دیا۔ کچھ ماہ قبل یہ خبر سامنے آئی تھی کہ سجل علی اور احد رضا میر کی ازدواجی زندگی مسائل کا شکار ہے، اسی لیے دونوں نے ایک دوسرے سے علیحدگی کا فیصلہ کر لیا ہے، جس کی تصدیق پاکستانی شوبز سے منسلک ایک صحافی آمنہ حیدر نے بھی کی تھی۔ اس کے کچھ دن بعد سجل نے انسٹاگرام سے اپنے ساتھ لکھے احد کا نام بھی ہٹا دیا تھا جس نے ان خبروں کو مزید ہوا دی تھی۔
تاہم اب سجل اور احد نے ایک دوسرے کو انسٹاگرام سے بھی ان فالو کر دیا ہے جس کے اسکرین شاٹس سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر زیرِ گردش ہیں۔ وائرل اسکرین شاٹس پر صارفین نے بھی اظہارِ خیال کیا جن میں سے کچھ لوگوں نے سوشل میڈیا پیجز سے درخواست کی کہ دونوں اداکاروں کو ان کے حال پر چھوڑ دیا جائے، یہ ان کی زندگی ہے، انہیں جو بہتر لگے گا وہ کریں گے۔
خیال رہے کہ جب احد اور سجل کی علیحدگی کی خبریں آئیں تو اس وقت چند شوبز اداکاروں نے بھی انسٹاگرام اسٹوری پر اپنے پیغامات جاری کیے اور صارفین سے سجل کے بہتر مستقبل کے لیے دعا کی اپیل کی۔
واضح رہے کہ تاحال سجل اور احد نے اپنی علیحدگی کی خبروں کی تصدیق نہیں کی ہے۔