نیو پشاور ویلی : مالکان اراضی کو انٹیمیشن لیٹرزدینے کی ہدایت

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان کی زیر صدارت صوبے کے اہم رہائشی منصوبے نیو پشاور ویلی کے حوالے سے ایک اہم اجلاس گزشتہ روز وزیراعلیٰ ہاوس پشاور میں منعقد ہوا۔ اجلاس کو منصوبے پر عملدرآمد کے سلسلے میں اب تک کی پیشرفت اور جاری اقدامات کی تکمیل کیلئے مجوزہ ٹائم لائنز پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ لینڈ شیئرنگ فارمولہ کے تحت زمین مالکان کیلئے پلاٹس کے انٹیمیشن لیٹرز تیار ہیں۔ منصوبے کے سائٹ آفس کیلئے اگلے تین چارروز کے اندر مناسب جگہ کی نشاندہی کر لی جائے گی جبکہ سائٹ آفس کی تعمیر کیلئے پی سی ون بھی تیار کر لیا گیا ہے۔ سائٹ آفس کا قیام اور سیکیورٹی کیلئے پولیس اہلکاروں کی تعیناتی ایک ساتھ عمل میں لائی جائے گی۔ اجلاس کو مزید آگاہ کیا گیا کہ اب تک موصول شدہ اراضی میں سے 13898کنال اراضی کی تصدیق کا عمل مکمل کیا جا چکا ہے۔ وزیر اعلیٰ محمود خان نے منصوبے پر تیز رفتارعملدرآمد یقینی بنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے متعلقہ حکا م کو ہدایت کی کہ منصوبے کیلئے فی الوقت عارضی طور پر سائٹ آفس کا انتظام کیا جائے اور سیکیورٹی کیلئے پولیس اہلکاروں کی تعیناتی بھی یقینی بنائی جائے تاہم مستقل سائٹ آفس کی تعمیر کا عمل بھی تیز رفتاری سے مکمل کیا جائے۔ وزیراعلیٰ نے مزید ہدایت کی کہ رواں ماہ کی 25 تاریخ تک زمین مالکان کو انٹیمیشن لیٹرزبھی جاری کر دئیے جائیں۔