وزیراعلیٰ نے سیاحتی مقامات پر تعمیراتی سرگرمیوں پر پابندی لگا دی 

پشاور: وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ صوبے کے سیاحتی مقامات کے لئے بننے والی ماسٹر پلاننگ کی تیاری تک ان سیاحتی مقامات میں تعمیراتی سرگرمیوں پر فی الفور پابندی عائد کی جائے جبکہ مذکورہ ماسٹر پلاننگ کی تیاری کو کم سے کم ممکنہ وقت میں یقینی بنایا جائے.

ماسٹر پلاننگ پر صحیح معنوں میں عملدرآمد کے سلسلے میں ان سیاحتی علاقوں کے لئے نو قائم کرہ ڈیویلپمنٹ اتھارٹییز کو جلد سے جلد اور ہر لحاظ سے فعال بنایا جائے تاکہ ان سیاحتی مقامات کی قدرتی خوبصوررتی کو برقرار رکھا  جا سکے اور ان علاقوں کو جدید خطوط پر ترقی دے کر صوبے میں سیاحتی سرگرمیوں کو فروغ دیا جاسکے۔

 وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام کو شعبہ سیاحت میں نئے میگا منصوبوں پر جلد عملی کام شروع کرنے جبکہ جاری منصوبوں کی بروقت تکمیل کے لئے قلیل المدتی،  وسط المدتی اور طویل المدتی پلان تیار کرکے پیش کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔

 یہ ہدایات انہوں نے گزشتہ روز شعبہ سیاحت میں جاری مختلف ترقیاتی منصوبوں پر پیشرفت کا جائزہ لینے کے لئے منعقدہ ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کی۔

وزیراعلیٰ کے پرنسپل سیکرٹری امجد علی خان، سیکرٹری سیاحت محمد طاہر اورکزء اور سیکرٹری مواصلات و تعمیرات اعجاز انصاری کے علاوہ دیگر متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔

 وزیر اعلیٰ نے محکمہ سیاحت کے حکام کو یہ بھی ہدایت کی کہ محکمہ سیاحت کو حوالے کی گئی سرکاری ریسٹ ہاؤسز میں سے قابل عمل ریسٹ ہاؤسز کو آؤٹ سورس کرنے کا عمل جلد مکمل کیا جائے اور ان وسائل سے ریونیو جنریشن کا  ایک ہفتہ کے اندر جامع پلان ترتیب دے کر پیش کیا جائے۔ 

 اجلاس کو سیاحتی مقامات تک رابطہ سڑکوں کی تعمیر کے منصوبوں پر پیشرفت کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ 22 کلومیٹر طویل منکیال تا بڈا سیری روڈ سوات کی تعمیر اور 24 کلومیٹر طویل ٹھنڈیانی روڈ کی توسیع کے منصوبوں کا ٹینڈر ہوگیا ہے، جلد ہی ان منصوبوں پر عملی کام شروع کیا جائے گا اور یہ منصوبے مجموعی طور پر 7.8 ارب روپے کے تخمینہ لاگت سے مکمل کئے جائیں گے۔

 وزیر اعلی نے متعلقہ حکام کو ان میگا منصوبوں کا باقاعدہ سنگ بنیاد رکھنے کے لئے اسی مہینے کے آخر تک کنٹریکٹرز موبلائزیشن سمیت دیگر تمام لوازمات اور انتظامات پوری کرنے کی ہدایت کی۔ 

اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ 17 ارب روپے کے تخمینہ لاگت سے خیبرپختونخوا انٹگرٹیڈ ٹوارزم ڈویلپمنٹ پراجیکٹ شروع کیا گیا ہے جس کا مقصد نئے سیاحتی مقامات کو ترقی دینا، موجود سیاحتی انفراسٹرکچر کو بہتر بنانا، سیاحتی اثاثوں میں اضافہ کرنا اوردیر پا سیاحتی ترقی کیلئے محکمے کی استعداد کار میں اضافہ کرنا ہے۔

 اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ صوبے میں انٹگرٹیڈ ٹوارزم زونز کے قیام کیلئے ضروری امور کی متعلقہ فورم سے منظوری لی جا چکی ہے جبکہ مذکورہ زونز کے ماسٹر پلان بھی جلد کلچر اینڈ ٹوارزم اتھارٹی کے حوالے کر دیئے جائیں گے۔علاوہ ازیں ڈسٹنیشن انوسٹمنٹ مینجمنٹ پلان کی متعلقہ فورمز سے کلیئرنس مل چکی ہے جو رواں ماہ کے آخر تک تمام ڈویلپمنٹ اتھارٹیز کو فراہم کر دیئے جائیں گے۔

 اسی طرح سیاحتی مقامات پر پورٹیبل واش رومز کی فراہمی کیلئے مناسب سائٹس کی نشاندہی کیلئے سروے شروع ہے جو آئندہ دو دن کے اندر مکمل کرلیا جائے گا۔ اس کے علاوہ مالم جبہ روڈ اور کالام روڈ پر تین ریسٹ ایریا زتعمیر کئے جاچکے ہیں۔

 وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام کو ہزارہ اور ملاکنڈ میں سیاحتی مقامات تک رسائی کیلئے جیب ایبل ٹریکس کی تعمیر کیلئے ایک ہفتہ کے اندر فزبیلٹی مکمل کرکے پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے متعلقہ محکموں کے اعلی حکام کو باہمی مشاورت سے سیاحتی سڑکوں کی تعمیر کے سلسلے میں شعبہ جنگلات سے جڑے مسائل حل کرنے کے لئے ضروری اقدامات کی ہدایت کی۔

انہوں نے نے متعلقہ حکام کو متعلقہ حکام کو محکمہ آبپاشی کے چھوٹے چھوٹے ڈیموں میں لوگوں کو تفریحی سہولیات کی فراہمی کے مناسب اقدامات اٹھانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ڈیموں اور دریاں میں لائف جیکیٹس اور دیگر حفاظتی انتظامات کے بغیر کشتی رانی وغیرہ اور ایسے مقامات میں رات کے قیا م پر مکمل پابندی عائد کی جائے۔ 

 وزیراعلی محمود خان نے سیاحت کے شعبے میں جاری ترقیاتی منصوبوں اور دیگر مختلف سرگرمیوں کو بہتر اور موثر انداز میں آگے بڑھانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے  اس راہ حائل روکاوٹوں اور قانونی پیچیدگیوں کو دور کرنے کے لئے کلچر اینڈ ٹوارزم اتھارٹی، مقامی ڈویلپمنٹ اتھارٹیز، محکمہ آبپاشی، محکمہ سیاحت، متعلقہ ڈویژنل انتظامیہ اور دیگر تمام شراکت داروں کا مشترکہ اجلاس منعقد کرنے کی ہدایت کی۔